• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اس سال کوک اسٹوڈیو کا 13 واں نہیں بلکہ اسپیشل سیزن ریلیز ہوگا، روحیل حیات

شائع November 30, 2020
کوک اسٹوڈیو کا پہلا گانا 4 دسمبر کو ریلیز ہوگا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو
کوک اسٹوڈیو کا پہلا گانا 4 دسمبر کو ریلیز ہوگا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو

جلد ہی ریلیز ہونے والے میوزک سیزن کوک اسٹوڈیو کے پروڈیوسر روحیل حیات نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال ریلیز ہونے والا سیزن 13 واں نہیں ہوگا بلکہ اس بار خصوصی سیزن جاری کیا جائے گا۔

ڈان آئیکون سے بات کرتے ہوئے روحیل حیات نے بتایا کہ آئندہ ماہ دسمبر کے آغاز میں ریلیز ہونے والے کوک اسٹوڈیو کو تیرہویں سیزن کا نام نہیں دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس بار ریلیز ہونے والے سیزن کو کوک اسٹوڈیو سیزن 2020 کا نام دیا گیا ہے اور اس بار مجموعی طور پر 12 گانے جاری کیے جائیں گے۔

روحیل حیات نے بتایا کہ اس سال کوک اسٹوڈیو 2020 میں 12 گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، جس میں سے 4 گلوکار سینئر ہوں گے جب کہ 4 حالیہ دور کے مقبول اور 4 نئے گلوکار ہوں گے۔

انہوں نے بعض گلوکاروں کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ اس بار راحت فتح علی خان، میشا شفیع، فریحہ پرویز، صنم ماروی، عمیر جسوال، علی نور، بوہمیا، مہدی ملوف، علی پرویز، وجیہہ نقوی، سحر گل خان اور اعزاز سہیل جیسے گلوکار کوک اسٹوڈیو کا حصہ ہوں گے۔

روحیل حیات نے بتایا کہ اس سال کوک اسٹوڈیو میں شامل تمام ہی گانے اوریجنل ہیں اور انہیں یقین ہے کہ اس بار شائقین کو گانے اور موسیقی پسند آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: میشا شفیع کی 4 سال بعد کوک اسٹوڈیو میں واپسی

میوزک پروڈیوسر نے بتایا کہ عام شائقین کے لیے کسی بھی گانے کو پسند یا پسند کرنا آسان ہوتا ہے، وہ بس گانا سنتے ہی رائے دے دیتے ہیں کہ گانا اچھا ہے یا خراب ہے، وہ یہ نہیں دیکھتے کہ مذکورہ گانا کتنی محنت سے تیار ہوا۔

روحیل حیات نے انکشاف کیا کہ اس بار شائقین راحت فتح علی خان کے گانے کو سنتے وقت محسوس کریں گے کہ وہ مشرق وسطیٰ کی موسیقی سن رہے ہیں۔

اسی طرح انہوں نے بتایا کہ اس بار کوک اسٹوڈیو کا ایک گانا تمام خواتین گلوکاروں نے مل کر گایا ہے، جسے شائقین بہت پسند کریں گے۔

روحیل حیات کے مطابق کورونا کی وبا کے باوجود انہوں نے ہمت کرکے نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے گھروں میں رہتے ہوئے کوک اسٹوڈیو کے تمام گانے تیار کیے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے موبائل میوزک سافٹ ویئر کا سسٹم ہر گلوکار کے گھر بھجوایا تھا اور ہر گلوکار نے بڑی جلدی سے نئے میوزک سافٹ ویئر سسٹم کو نہ صرف سمجھا بلکہ اس پر اپنے گانے بھی بنائے۔

روحیل حیات نے دعویٰ کیا کہ اس بار کوک اسٹوڈیو کے تمام گانوں کو لائیو ریکارڈ کیا گیا ہے، کسی بھی گانے میں لپسنگ نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ کوک اسٹوڈیو 2020 سیزن کا پہلا گانا آئندہ ماہ 4 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا، یہ واضح نہیں ہے کہ پہلا گانا کس کا جاری کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024