• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں کورونا وائرس کی مثبت شرح 8.5 فیصد، 5ہزار 82 مقام پر اسمارٹ لاک ڈاؤنز

شائع November 30, 2020
کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤنز نافذ ہیں — فائل فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان
کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤنز نافذ ہیں — فائل فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیسز مثبت آنے کی شرح 8.53 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ اسی وبا کے باعث ملک میں 5 ہزار 82 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤنز نافذ ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ساتھ شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 5 ہزار 82 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤنز لگائے گئے ہیں۔

فورم کو بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک ہزار 459 اسمارٹ لاک ڈاؤنز ہیں، سندھ میں 206، خیبرپختونخوا میں 182، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں 3 ہزار 205 اسمارٹ لاک ڈاؤنز ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں 2 ہزار 839 نئے کیسز، اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزار سے متجاوز

وہی یہ بھی بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں آئندہ ماہ کی 6 تاریخ تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

این سی او سی کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کورونا کیسز کی مثبت شرح سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 29 نومبر کو ملک بھر میں 33 ہزار 302 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 839 مثبت آئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں کورونا وائرس کی مثبت شرح 8.53 فیصد ہے۔

اس موقع پر ماہرین صحت نے اجلاس کو بیماری کے پیٹرن، مختلف علاقوں میں اس کے پھیلاؤ اور اس وبا کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات سے متعلق بتایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں این سی او سی کو آگاہ کیا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے بڑھتی مثبت شرح اور یومیہ کیسز کی وجہ سے 5 بڑے شہروں کا ملک بھر میں عالمی وبا کے پھیلاؤ میں 70 فیصد حصہ ہے۔

اجلاس میں یہ نشاندہی کی گئی تھی کہ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی ان شہروں میں شامل ہیں، جو مجموعی وبا کے پھیلاؤ میں سب سے زیادہ حصہ ڈال رہے ہیں۔

این سی او سی کو بتایا گیا تھا کہ کراچی، حیدرآباد، پشاور اور راولپنڈی مثبت شرح کے تناسب کے بڑھنے کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر شہروں میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے 5 بڑے شہر 70 فیصد وبا کے پھیلاؤ کا باعث

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد پھر سے بڑھ رہی ہے جبکہ حکام کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد پر زور دیا جارہا ہے۔

ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 98 ہزار 24 ہے جس میں سے 3 لاکھ 41 ہزار 423 صحتیاب ہوچکے ہیں جو تقریباً 86 فیصد ہے جبکہ 8 ہزار 25 مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 839 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 40 افراد وائرس کے باعث لقمہ اجل بنے تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ ایک ہزار 613 مریض صحتیاب بھی ہوگئے جس کے بعد فعال کیسز کی مجموعی تعداد 48 ہزار 576 تک جاپہنچی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024