• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر دفاع چوہدری احمد مختار انتقال کرگئے

چوہدری احمد مختار سابق وزیر دفاع بھی تھے—فائل فوٹو: اے پی پی
چوہدری احمد مختار سابق وزیر دفاع بھی تھے—فائل فوٹو: اے پی پی

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع چوہدری احمد مختار 74 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق چوہدری مختار کئی روز سے علیل تھے اور آج حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔

رواں ماہ کے آغاز میں چوہدری احمد مختار کو الزائمر کی بیماری پر شالیمار ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم کچھ عرصے قبل ہی ان کی امریکا میں ایک سرجری ہوئی تھی اور اس وقت ان کے اہل خانہ نے ڈان کو بتایا تھا کہ وہ نمونیا کا شکار تھے لیکن ان کی حالت بہتر تھی۔

ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر لاہور میں ڈیفنس ٹی پلاک کی مسجد میں ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ چوہدری احمد مختار سابقہ ادوار میں دفاع، پانی و بجلی کے وزیر بھی رہے جبکہ وہ پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے عہدے پر بھی فرائض انجام دیتے رہے۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ڈاکٹر مبشر حسن انتقال کرگئے

22 جون 1946 کو لاہور میں پیدا ہونے والے چوہدری احمد مختار نے امریکی ریاست کیلیفورنیا سے آپریشنل منیجمنٹ میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی تھی جبکہ انہوں نے مغربی جرمی سے پلاسٹک ٹیکنالوجی میں ڈپلوما بھی کیا تھا۔

پیشے کے اعتبار سے کاروباری شخصیت چوہدری احمد مختار نے 1990 میں سیاست میں قدم رکھا اور پیپلزپارٹی کے رکن بنے، جس کے بعد وہ 1993 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں 1996 تک وہ وزیر تجارت رہے۔

بعد ازاں 2008 میں وہ وزیر دفاع کے منصب پر فائز ہوئے، جس کے بعد انہیں وزارت پانی و بجلی کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا۔

تعزیتی پیغامات

دوسری جانب سینئر سیاست دان کے انتقال پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے تعزیتی پیغامات جاری کیے گئے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر چوہدری احمد مختار کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری احمد مختار ایک ثابت قدم و تجربہ کار رہنما اور پارٹی کا سرمایہ تھے، ان کے انتقال پر بہت غمزہ ہوں، ہم ان کی کمی کو ہمیشہ محسوس کریں گے۔

بلاول بھٹو نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء ایاز سومرو انتقال کرگئے

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی چوہدری احمد مختار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے پارٹی کے لیے چوہدری مختار کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن احمد مختار کے انتقال پر غمزدہ ہیں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ چوہدری احمد مختار باہمت ،بہادر اور وفادار ساتھی تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024