• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

فواد چوہدری کا اینیمیشن اور ویڈیو گیمز کے شوقین افراد کیلئے خصوصی پروگرام کا اعلان

شائع November 24, 2020
ویڈیو گیم انڈسٹری دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی پانے والی صنعتوں میں سے ایک ہے—  فائل فوٹو: ڈان نیوز
ویڈیو گیم انڈسٹری دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی پانے والی صنعتوں میں سے ایک ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں وفاقی وزیر کا منصب سنبھالنے کے بعد سے فواد چوہدری، ملک میں ٹیکنالوجی سے متعلق نت نئے اقدامات سامنے لارہے ہیں۔

گزشتہ ماہ فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ حکومتِ پاکستان، اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کا پاکستانی ورژن لانچ کرنے کے لیے تیار ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اسٹریمنگ ویب سائٹ کا کافی کام مکمل کرلیا ہے اور وزارت نے پاکستان الیکٹرنک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے مواد آن ایئر کرنے سے متعلق ہدایات تیار کرنے کو کہا ہے۔

مزید پڑھیں: نیٹ فلیکس کا پاکستانی ورژن لانچ کرنے کے لیے تیار ہیں، فواد چوہدری

اور اب وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ ان کی وزارت ویڈیو گیمز کے شوقین افراد کے لیے اینیمیشن اور ویڈیو گیمز کا خصوصی پروگرام لارہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ 'اگر آپ کو پڑھنے سے دلچسپی نہیں اور فون پر ویڈیو گیمز سے رغبت ہے تو تیاری رکھیں ہماری وزارت ویڈیو گیمز پروگرامنگ کا خصوصی پروگرام لارہی ہے'۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس کے ذریعے ہم 90 ارب ڈالر کی اس انڈسٹری کا حصہ بن سکیں گے اور نوجوانوں کو گیمز سرٹیفیکیٹس بھی دیے جائیں گے۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ ویڈیو گیم انڈسٹری دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی پانے والی صنعتوں میں سے ایک ہے۔

گیمنگ کو بطور کیرئیر بھی منتخب کیا جارہا ہے اور یوٹیوبرز کی طرح اب گیمرز کے لیے بھی آگے بڑھنے کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔

یہی نہیں بلکہ رواں برس کے اوائل میں دنیا بھر لاک ڈاؤن کے بعد ویڈیو گیمز کے صارفین کی تعداد میں بھی بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری نے خواتین کا بڑا مسئلہ حل کرنے کیلئے خوشخبری سنادی

فواد چوہدری کے اعلان کے بعد سے ٹوئٹر صارفین کی جانب سے ان کے مذکورہ اقدام کو سراہا جارہا ہے اور ساتھ ہی مختلف تجاویز بھی دی گئیں۔

محمد اشفاق نے لکھا کہ اگر گیمز کو اس انداز میں ڈیولپ کریں کہ اس ميں معلوماتی عنصر بھی شامل ہو، سائنسی فنکشن بھی شامل ہوں، ہر کلاس کے حساب سے گیم تیار کیا جائے اور اس میں کلاس کے حساب سے نصاب کی تیاری گیمز طرز کروائی جائے ساتھ میں انٹرٹینمنٹ ہو تو یہ ایک بہترین قدم بن سکے گا۔

نبیل حسن نامی صارف نے لکھا کہ پہلے شفقت صاحب اور اب آج آپ، آپ لوگ ہمارے دور میں کہاں تھے؟ مذاق کے علاوہ انتہائی شاندار اقدام بہت خوب زندہ باد فواد چوہدری صاحب۔

آفرین نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ فواد چوہدری کے وزیر بننے کے بعد معلوم ہوا کہ سائنس آئی ٹی کی وزارت بھی ہے پاکستان میں۔

محمد ناصر نے بھی اس اعلان کو سراہا اور لکھا کہ جو بھی گیمز بنائے جائیں وہ اسلامی اصولوں اور ہمارے ایشیائی کلچر کو مد نظر رکھ کر بنائے جائیں تاکہ گھریلو سطح پر گیمز کو کھیلنے اور اس سے اچھا سبق سیکھنے کو ملے۔

تاہم کچھ صارفین نے اس اعلان پر تنقید بھی کی۔

اویس نامی صارف نے لکھا کہ ڈھائی سال سے حکومت ویڈیو گیم ہی تو کھیل رہی ہے عوام کے ساتھ۔

عامر کریم خان نامی صارف نے لکھا کہ بحیثیت وزیر نہیں اور نہ ہی بحیثیت سیاست دان صرف ایک وکیل کی حیثیت سے اپنی اس ٹوئٹ کے پہلے جملے کو دیکھیں اور اگر غلطی کا احساس ہو تو اس جملے "اگر آپ کو پڑھنے سے دلچسپی نہیں"۔۔۔ کو حذف کرکے ٹوئٹ دوبارہ کیجیے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024