کراچی کے 4 اضلاع میں اسمارٹ و مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ
کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر ضلع وسطی، غربی، جنوبی اور کورنگی میں اسمارٹ و مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
گزشتہ روز کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت تمام ڈی سیز اور ڈی ایچ او کا اجلاس ہوا تھا جس میں سیکریٹری صحت کاظم جتوئی نے بھی شرکت کی اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔
ضلع وسطی
ڈپٹی کمشنر وسطی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 4 علاقوں میں 14 روز کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع وسطی کے 26 محلوں کو مائیکرو لاک ڈاؤن کے تحت سیل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافہ: پی ڈی ایم اراکین لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں، عمران خان
نوٹی فکیشن کے مطابق مائیکرو لاک ڈاؤن کی زد میں آنے والے علاقوں میں عزیز آباد، علی آباد، کریم آباد اور یاسین آباد شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع وسطی کے دیگر علاقوں میں دستگیر، ناظم آباد، اصغر شاہ اسٹیڈیم، شادمان ٹاون کے علاقے بھی شامل ہیں۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ نارتھ کراچی، مسلم ٹاون، فردوس کالونی بھی مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی زد میں آئے ہیں۔
علاوہ ازیں ضلع وسطی کے 26 بلاکس میں مخصوص گھروں کو بھی سیل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافہ: ایس او پیز پر عمل کریں ورنہ پابندیاں عائد کرسکتے ہیں، اسد عمر
کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقے 20 نومبر سے 4 دسمبر تک سیل رہیں گے۔
ضلع غربی
ضلع غربی میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر متعلقہ ڈپٹی کمشنر نے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع غربی کے علاقے گلشن معمار اور سرجانی ٹاؤن میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گڈاپ ٹاؤن کے 2 علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت سندھ نے تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کی خبریں مسترد کردیں
انہوں نے بتایا کہ ضلع غربی میں 14 روز کے لیے لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔
نوٹی فکیشن میں اسسٹنٹ کمشنر، رینجرز اور پولیس کو لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلع کورنگی
علاوہ ازیں ضلع کورنگی کے تین علاقوں کورنگی، شاہ فیصل اور ماڈل کالونی میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
جاری کردی نوٹی فکیشن کے مطابق مذکورہ علاقوں کے مخصوص حصوں میں 21 نومبر سے 5 دسمبر تک مائیکرو لاک ڈاؤن رہے گا۔
ضلع جنوبی
ضلعی انتظامیہ نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ضلع جنوبی میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔
اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع جنوبی میں سول لائنز کے چار محلوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
مائیکرو یا اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق جاری تمام نوٹی فکیشنز میں ہدایت کی گئی ہے کہ جو کوئی بھی مذکورہ علاقوں میں داخل ہو یا باہر نکلے، ان کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازمی ہوگا جبکہ اشیا خور و نوش خریدنے کے لیے گھر کا صرف ایک فرد باہر نکل سکے گا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق گھر سے باہر نکلنے والا شخص اپنے ہمراہ شناختی کارڈ لے کر نکلے اور پولیس یا رینجرز کی جانب سے تقاضہ کرنے پر ظاہر کرنے کا پابند ہوگا۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے۔
کورونا کی اس دوسری لہر کے باعث صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ایس او پیز پر عمل درآمد پر سختی کرنے پر زور دیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 843 کیسز اور 42 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔
اس طرح ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے 3 لاکھ 28 ہزار 931 صحتیاب ہوئے ہیں جو 89 فیصد جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 603 ہے۔
علاوہ ازیں سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا تھا کہ صوبے میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ 23 نومبر کو ہونے والے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔
ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا تھا کہ مختلف میڈیا پر یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ حکومت سندھ نے تعلیمی اداروں کو بند نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔