فٹ بالرز کی بیویاں 'خفیہ راز' دوسروں کو بتانے کا معاملہ عدالت لے گئیں
انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے سابق کھلاڑیوں 33 سالہ جیمی واردے اور 35 سالہ وائنی رونے کی بیویاں ایک دوسرے پر'خفیہ راز' دوسروں کو بتانے کا معاملہ عدالت لے گئیں۔
دونوں فٹ بالرز کی بیویوں نے ایک دوسرے پر پہلی بار اکتوبر 2019 میں ایک دوسرے کے خلاف سوشل میڈیا پر الزامات لگائے تھے۔
اکتوبر 2019 میں سب سے پہلے وائنی رونے کی بیوی 34 سالہ کلین رونے نے دوسرے فٹ بالر جیمی واردے کی اہلیہ ربیکا واردے پر الزامات لگائے تھے۔
کلین رونے نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ فٹ بالر جیمی واردے کی بیوی ربیکا واردے ان کے راز معروف برطانوی اخبار ’دی سن‘ کو پیسوں کے عوض فروخت کرتی رہی۔
کلین رونے نے اپنی ٹوئٹ میں الزام لگایا تھا کہ ربیکا واردے نے ان کے انتہائی خفیہ اور اہم رازوں کو بھی ’دی سن‘ کو فروخت کیا اور اخبار والے ان کی نجی زندگی پر مصالحہ دار خبریں شائع کرتے رہے۔
فٹ بالر کی بیوی نے لکھا تھا کہ وہ اپنے خفیہ راز میڈیا میں آنے پر پریشان رہیں اور انہیں سمجھ نہیں آر رہا تھا کہ یہ سب کیسے ہو رہا ہے، کیوں کہ وہ ان رازوں سے متعلق صرف اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ذکر کرتی تھیں۔
کلین رونے نے لکھا تھا کہ انہوں نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اپنے تمام انسٹاگرام فالوورز کو انسٹاگرام اسٹوری میں بلاک کردیا، تاہم انہوں نے ربیکا واردے کو بلاک نہیں کیا۔
کلین رونے نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ جب انہوں سب فالوؤرز کو بلاک کیا تو انہوں نے انسٹاگرام پر جھوٹی معلومات دینا شروع کی جو صرف اور صرف ربیکا واردے دیکھتی تھیں، جس کے بعد اسی معلومات پر ’دی سن‘ اخبار میں خبر شائع ہوتی تھی۔
ان کے الزامات پر ربیکا واردے نے نے بھی ٹوئٹ کی تھی اوران کے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ متعدد بار ہیک ہوا۔
یہ بھی پڑھیں؛ خفیہ راز دوسروں کو بتانے پر فٹ بالرز کی بیویوں میں جھگڑا
ربیکا واردے کا کہنا تھا کہ کلین رونے کو غلط فہمی ہوئی ہے اور انہوں نے ان پر ایک ایسے وقت میں سنگین الزامات لگائے جب وہ حمل سے ہیں۔
ربیکا واردے نے نے اپنی صفائی میں مزید لکھا کہ انہیں پیسوں کی ضرورت نہیں اور نہ ہی وہ اتنی غیر ذمہ دار ہیں کہ کسی خاتون کی نجی اور خفیہ معلومات کو فروخت کرے۔
تاہم دونوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا سلسلہ صرف سوشل میڈیا کی جنگ تک محدود نہیں رہا اور کلین رونے معاملے کو عدالت لے گئیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فٹ بالرز کی دونوں بیویوں کے درمیان 'خفیہ راز' دوسروں کو بتانے کے کیس میں لندن کی ہائی کورٹ میں ابتدائی سماعت ہوئی، جس میں حیران کن طور پر عدالت نے ربیکا واردے کے حق میں بیان دیا۔
سماعت کرنے والے جج کا کہنا تھا کہ کلین رونے نے منظم منصوبہ بندی کے تحت خاص مواد اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کرکے صرف ربیکا واردے کو ہی مذکورہ مواد دیکھنے کے لیے منتخب کیا۔
جج نے دونوں کی جانب سے جمع کرائے گئے دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد ریمارکس دیے گئے کہ بظاہر لگتا ہے کہ کلین رونے نے جان بوجھ کر انسٹاگرام پر خفیہ اور ذاتی مواد شیئر کیا اور انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلانے کے بجائے ربیکا واردے کے رویوں پر نظر رکھنے کے لیے مواد کو شیئر کیا۔
اسی حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عدالت نے ابتدائی سماعت میں بظاہر ربیکا واردے کے حق میں بیان دیا اور دونوں خواتین کو ہدایت کی گئی کہ مذکورہ معاملے کو عدالت سے باہر آپس میں طے کرلیں توبہتر ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیاکہ اگر دونوں خواتین نے رواں ماہ کے آخر تک مذکورہ معاملے کو عدالت سے باہر نجی سطح پر نہیں نمٹایا تو آئندہ سال اس کیس کا باضابطہ ٹرائل شروع ہوگا۔
مذکورہ کیس اگرچہ فوجداری نہیں ہے، تاہم یہ کیس ہتک عزت کا ہے اور اس میں کلین رونے نے ربیکا واردے کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔
تاہم ربیکا واردے نے عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں بتایا ہے کہ مذکورہ الزامات کے وقت وہ حاملہ تھیں اور الزامات کے بعد ڈپریشن میں آنے کے بعد ان کا حمل بھی ضائع ہوگیا، جس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ کیس ربیکا واردے ہی جیتیں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مذکورہ معاملے پر اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کی انتظامیہ نے بھی گزشتہ برس اعلان کیا تھا کہ وہ اس پر دستاویزی فلم جاری کریں گے، تاہم اس پر بھی تاحال ڈاکیومینٹری ریلیز نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ جیمی واردے اور وائنی رونے انگلینڈ کی نیشنل فٹ بال ٹیم میں ایک ساتھ کھیلتے تھے لیکن اب دونوں نجی فٹ بال کلبز کے لیے کھیلتے ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں کے ٹیم میں کھیلتے وقت ان کی بیویاں ان کے ساتھ ہوتی تھیں اور ان دونوں کھلاڑیوں کی بیویوں کی خبریں اور تصاویر میڈیا کی زینت بنتی رہتی تھیں۔