ہاروی وائنسٹن کے پھر کورونا وائرس کا شکار ہونے کی رپورٹس مسترد
جنسی جرائم میں 23 سال کی سزا کاٹنے والے ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کے ترجمان نے انہیں دوبارہ کورونا وائرس ہونے کی رپورٹس مسترد کردیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ہاروی وائنسٹن کے ترجمان کے مطابق صحت کے دیگر مسائل کی وجہ سے ان کی بہت زیادہ نگرانی کی جارہی ہے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں ان کی صحت اس وقت تشویش کا باعث بنی تھی جب یہ رپورٹ کیا گیا تھا کہ انہیں تیز بخار تھا اور ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: ریپ ملزم ہاروی وائنسٹن کورونا وائرس سے صحتیاب
اس حوالے سے رپورٹس میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا کہ شاید ہاروی وائنسٹن دوبارہ کورونا کا شکار ہوگئے۔
تاہم ہولی وڈ پروڈیوسر کے نمائندہ صحت کریگ روتھ فیلڈ اور ترجمان جیوڈا اینگل میئر نے کہا کہ ہاروی وائنسٹن کے بخار میں کمی آگئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم یہ بھی رپورٹ کر سکتے ہیں کہ انہیں اس وقت کورونا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہولی وڈ پروڈیوسر کو لاحق صحت کے دیگر مسائل کی وجہ سے ہاروی وائنسٹن کی نگرانی کی جارہی ہے جن میں عارضہ قلب، بلند فشار خون اور ریڑھ کی ہڈی کا سکڑنا شامل ہیں۔
خیال رہے کہ رواں برس مارچ کے اواخر میں ہاروی وائنسٹن میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ 14 روز قرنطینہ میں رہنے کے بعد صحتیاب ہوگئے تھے۔
ہاروی وائنسٹن رواں برس مارچ سے ایک خاتون کے ریپ کے الزام میں 23 سال جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں، انہوں نے اپنی سزا کے خلاف اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنسی جرائم میں سزا کاٹنے والے ہاروی وائنسٹن میں کورونا وائرس کی تشخیص
علاوہ ازیں ہاروی وائنسٹن کے خلاف امریکا کی متعدد ریاستوں میں ریپ اور خواتین کے جنسی استحصال کے فوجداری مقدمات کی سماعت ہونا ابھی باقی ہے۔
ابھی تک ہاروی وائنسٹن کو صرف ایک ہی کیس میں امریکی ریاست نیویارک کی عدالت نے جیل بھیجا ہے، جب کہ ان کے خلاف لاس اینجلس سمیت متعدد شہروں کی عدالت میں انتہائی سنگین نوعیت کے مقدمات زیر التوا ہیں۔
ہاروی وائنسٹن کو درجنوں سول مقدمات کا بھی سامنا ہے، جن میں خواتین نے ان کے خلاف ہرجانے کے دعوے دائر کر رکھے ہیں اور انہوں نے مذکورہ خواتین کو رواں ماہ ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کے تصفیے کی پیش کش بھی کی تھی۔
مزید پڑھیں: ریپ مقدمے میں ہاروی وائنسٹن کو 23 سال قید کی سزا سنادی گئی
اس سے قبل ہاروی وائنسٹن نے متعدد خواتین کے ساتھ ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر میں تصفیہ طے کیا تھا مگر عدالت نے ایک خاتون کی شکایت پر ان کے تصفیے کو مسترد کردیا تھا، جس کے بعد انہوں نے خواتین کو اضافی رقم والے تصفیے کی پیش کش کی تھی۔
ریپ اور خواتین کے جنسی استحصال کے الزامات میں آسکر اکیڈمی نے بھی ہاروی وائنسٹن کی رکنیت ختم کر رکھی ہے، جب کہ دیگر کئی فلمی تنظیموں نے بھی ان کے خلاف کارروائی کر رکھی ہے۔
ستمبر میں ملکہ برطانیہ نے بھی ڈیڑھ دہائی قبل فلم ساز کو دیا جانے والا برطانوی سول اعزاز واپس کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔