• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسلام آباد میں بیٹھا حکمران جنوری تک کا مہمان ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی

شائع November 19, 2020
بلاول بھٹو زرداری گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے یوئے—اسکرین شاٹ
بلاول بھٹو زرداری گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے یوئے—اسکرین شاٹ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی واضح اکثریت نے اپوزیشن کا ساتھ دیا جو وفاقی حکومت، اس کی پالیسیز، سیاست کے لیے ایک قسم کا عدم اعتماد کا ریفرنڈم ہے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ اسلام آباد میں بیٹھا حکمران جنوری تک کا مہمان ہے۔

گلگت میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے نہ صرف سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے بلکہ پاکستان تحریک انصاف کو بھی کافی پیچھے چھوڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی دن سے آج تک ہمارے کارکنان اس شدید موسم میں بھی دھرنا دے کر احتجاج کررہے ہیں اور اس نااہل، نالائق الیکشن کمشنر کو شرم آنی چاہیے جو ابھی تک دوبارہ گنتی کروارہے ہیں.

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمشنر خود کہہ رہے تھے کہ اس 'سیلیکشن' میں کوئی گڑ بڑ نہیں ہوئی اور اب جس پولنگ اسٹیشن سے پولنگ باکس چوری ہوا تھا وہاں دوبارہ گنتی کروانے پر مجبور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے احتجاج کیا تھا کہ خواتین کو پولنگ میں حصہ لینے نہیں دیا گیا، ایک سازش کے ذریعے خواتین کے ووٹ کو استعمال نہیں ہونے دیا گیا، پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی خواتین کے ووٹ کا تحفظ کرے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ الیکشن قوانین کہتے ہیں کہ جہاں خواتین کو ووٹ میں حصہ نہیں لینے دیا جائے وہاں دوبارہ انتخابات ہونے چاہیے تو یہ متنازع بات ہے کہ ابھی تک الیکشن کمشنر نے یہ اقدام نہیں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ آر ٹی ایس کا بہانہ نہیں لیکن معلوم نہیں کہ کس چیز میں تاخیر ہے کہ ابھی تک ہمیں مکمل نتائج موصول نہیں ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک پاکستانی صحافی نے کل رات ایک تصویر ٹوئٹ کی جس میں الیکشن کمشنر گورنر اور علی امین گنڈا پور کے ساتھ بیٹھے ہیں، ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ ان کا آپس میں مک مکا ہے اور یہ الیکشن کمیشن نہیں پی ٹی آئی کا الیکشن ونگ ہے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں احتجاجی مظاہرے، پاک فوج سے مدد طلب

ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر نے اسلام آباد جا کر پریس کانفرنس کی تھی، بتایا جائے کہ وہاں انہوں نے کس کس سے ملاقات کی اور جو تصویر سامنے آئی ہے ہم اس کی وضاحت چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ ڈھٹائی کے ساتھ ہر ٹی وی چینل پر جھوٹ بول رہے ہیں کہ یہ انتخابات صاف اور شفاف تھے جبکہ انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی رپورٹ آچکی ہے جس نے آپ کے انتخابات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور فافن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ہر پولنگ اسٹیشن میں کم از کم 3 بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔

گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کے کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ الیکشن کمشنر ہوتے ہوئے خود جا کر حکومت کے وزیروں کے پاؤں میں بیٹھتے ہیں، آپ نے گلگت بلتستان کے عوام، اس دھرتی کو بیچ دیا ہے، آپ اپنے عہدے کو سنبھال سکے، نہ اس عہدے کی حیثیت کو سمجھ سکے ہیں اور نہ ہی گلگت بلتستان کے عوام کی اُمیدوں پر پورا اتر سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کمشنر ان سب کا جواب دینے کے بجائے گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے میں لگے ہوئے ہیں اور میں جی بی کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جو روایت تھی کہ وفاق میں بیٹھے لوگ وہیں رہ کر 15، 15 نشستیں حاصل کرلیتے تھے، آپ نے ان کے لیے یہ کام مشکل بنا دیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اب تک وہ فیصلہ تک نہیں کرسکے کہ وزیراعلیٰ کون ہوگا، وہ ہر آزاد اُمیدوار کو جا کر کہہ رہے کہ آپ وزیراعلیٰ ہیں بس ہم میں شمولیت اختیار کرلیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں حکومت کی تشکیل کیلئے آزاد اُمیدواروں کا اہم کردار

ان کا کہنا تھا کہ جو اُمیدوار بھی منتخب ہوئے وہ گلگلت بلتستان کے عوام کے ووٹوں کی وجہ سے منتخب ہوئے ہیں میں ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وزارت یا عہدے کے لیے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق پر سودے بازی نہ کریں، آپ کو بڑے فیصلے کرنے ہیں، اس خطے کی قسمت کا فیصلہ کرنا ہے۔

منتخب نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ کٹھ پتلی بن کر پی ٹی آئی میں شمولیت کر کے اسلام آباد کا ہر حکم مانیں گے، اگر ان کے ساتھ مل کر یہاں کے عوام کے حقوق کی سودے بازی کریں گے، انہیں آئینی حقوق نہیں دلوائیں گے تو یہاں کے عوام آپ کو معاف نہیں کریں گے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھا ہوا حکمران جنوری تک کا ہی مہمان ہے آپ سوچیں کہ کیا آپ صرف ایک 2 مہینے کے لیے وزیر بننا چاہتے ہیں، اپنے عوام کی قسمت اور حقوق فروخت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے منتخب نمائندوں کو کہا کہ صرف 2، 3 مہینے انتظار کرلیں، اپنے اصولوں پر کھڑے ہوں ساتھ مل کر جدو جہد کریں، عوام کے حقوق کا تحفظ کریں اور وفاق کو اجازت نہ دیں کہ وہ از خود فیصلے لے کیوں کہ اگر فیصلے لینے کی اجازت دی گئی تو یہ عوام کی سبسڈی چھیننے کی کوشش کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024