وینا ملک کی سابق شوہر کو گالیاں اور دھمکیاں دینے کی مبینہ آڈیو وائرل
حال ہی میں اداکارہ و ماڈل وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے اپنی سابق اہلیہ کو بچوں کو دبئی سے پاکستان اسمگل کرنے اور بدنام کرنے کے الزامات کے تحت 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔
اور اب وہ اپنی سابق اہلیہ کی مبینہ آڈیو سامنے لے آئے ہیں، جس میں وینا ملک کو گالیاں اور دھمکیاں دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے اپنی ٹوئٹ میں مبینہ طور پر اپنی سابق اہلیہ کی مختصر آڈیو شیئر کی، جس میں اداکارہ کو غصے میں گالیاں اور دھمکیاں دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
آڈیو میں مبینہ طور پر وینا ملک کو سابق شوہر کو دھمکیاں دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ان کی چار بہنیں اور والدہ یہیں پاکستان میں رہتی ہیں اور اداکارہ ان کے ساتھ کچھ برا کرنے کی دھمکی دے رہی ہیں۔
آڈیو میں وینا ملک کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ انہیں سابق شوہر دبئی کورٹ کی کیا دھمکیاں دے رہے ہیں، وہ ان کی بہنوں اور والدہ کے ساتھ کچھ کریں گی۔
ساتھ ہی وینا ملک کو سابق شوہر کو غلیظ گالیاں بھی دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق شوہر کا وینا ملک کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس
مختصر آڈیو میں مبینہ طور پر وینا ملک سابق شوہر کو کہتی ہیں کہ وہ کسی سے نہیں ملیں اور ساتھ ہی انہیں گالیاں دے کر دھمکی دیتی ہیں کہ وہ ان کے پیسے انہیں واپس کردیں۔
اس بات کی آزادانہ تحقیق نہیں ہوسکی کہ مذکورہ آڈیو وینا ملک کی ہی ہے یا وہ ایڈٹ شدہ آڈیو ہے۔
وینا ملک نے سابق شوہر کی جانب سے ان کی مبینہ آڈیو سامنے لے کر آنے پر تاحال کوئی رد عمل نہیں دیا۔
اس سے قبل وینا ملک نے سابق شوہر کی جانب سے 50 کروڑ روپے ہرجانے کے نوٹس بھجوانے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ قانونی طور پر بچوں کی سرپرستی ان کے پاس ہے۔
وینا ملک نے 12 نومبر کو سابق شوہر کی جانب سے ہرجانے کے نوٹس کی ٹوئٹ کیے جانے کے فوری بعد ٹوئٹ کرکے جواب دیا تھا اور ساتھ ہی انہوں نے بچوں کی حوالگی سے متعلق دبئی اور پاکستانی کی کورٹس کے حکم نامے بھی شیئر کیے تھے۔
حکم ناموں میں پڑھا جا سکتا ہے کہ بچوں کی اس وقت حوالگی وینا ملک کے سپرد کردی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: وینا ملک نے اسد خٹک سے علیحدگی کی تصدیق کردی
ساتھ ہی وینا ملک نے اپنے طلاق نامے کی تصویر بھی شیئر کی تھی اور بتایا تھا کہ ان کے درمیان 2017 میں ہی طلاق ہوچکی تھی۔
وینا ملک کے سابق شوہر نے ان پر الزام لگاتے ہوئے حکومت پاکستان پر بھی الزامات لگائے تھے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے توسط سے ان کے بچوں کو یو اے ای سے اسمگل کرکے پاکستان لایا گیا۔
وینا ملک کے سابق شوہر کا دعویٰ ہے کہ ان کے بچوں کے پاس امریکی شہریت بھی ہے اور دبئی حکومت کے ریکارڈ کے مطابق ان کے بچے یو اے ای میں ہی ہیں مگر حقیقت میں انہیں اسمگل کرکے پاکستان لے جایا جا چکا ہے۔
یاد رہے کہ اسد خٹک اور وینا کی شادی 25 دسمبر 2013 کو ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں اور وینا ملک نے 2017 میں اسد بشیر خٹک سے خلع لے لی تھی۔
دونوں میں طلاق ہونے کے بعد ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا سلسلہ جاری ہے اور بچوں کی حوالگی کے تنازع سے قبل بھی وہ ایک دوسرے پر مختلف نوعیت کے الزامات لگا چکے ہیں۔