• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مغوی خاتون ٹیچر 10 روز بعد بھی بازیاب نہ ہوسکی، اہل خانہ کی انصاف کی اپیل

شائع November 17, 2020
بہن نے بتایا کہ خاتون کو اسکول جاتے وقت اغوا کیا گیا—فائل فوٹو: کری ایٹو کامنز
بہن نے بتایا کہ خاتون کو اسکول جاتے وقت اغوا کیا گیا—فائل فوٹو: کری ایٹو کامنز

ڈیرہ اسمٰعیل خان: ایک نجی اسکول کی خاتون ٹیچر جسے 10 روز قبل اغوا کیا گیا تھا اسے اب تک بازیاب نہیں کروایا جاسکا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ شکایت مذکورہ خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے کی گئی۔

اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس میں اغوا ہونے والی نگہت شاہین کی بہن انیلا شاہین نے الزام لگایا کہ پولیس اغوا کاروں کا سراغ لگانے اور ان کی بہن کو بازیاب کرانے میں ناکام رہی۔

مزید پڑھیں: ننکانہ صاحب: بس کے انتظار میں کھڑی خاتون کا ’اغوا کے بعد گینگ ریپ‘

انیلا شاہین نے اپنے والد فرید اور بھائی حکمت اللہ کے ساتھ مل کر الزام عائد کیا کہ عنایت اللہ نے 3 نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر ان کی بہن کو اس وقت اغوا کیا جب وہ اپنے کزن نقیب اللہ کے ساتھ موٹرسائیکل پر اسکول جارہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کے درج ہونے کے بعد پولیس نے عنایت اللہ کے والد عبداللہ جان کو گرفتار کیا لیکن اصل ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

دوران پریس کانفرنس ان کا کہنا تھا کہ ہم مجسٹریٹ سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ احتشام اور مسعود کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیں کیونکہ یہ مرکزی ملزم کے ساتھی تھے تاہم پولیس کی جانب سے ابھی تک انہیں گرفتار نہیں کیا گیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے شکایتی سیلز میں شکایت بھی درج کروائی ہے اور ہم انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن ہمیں انصاف فراہم نہیں کیا جارہا۔

اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس پاکستان، پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس، گورنر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے اپیل کی کہ ان کی جلد بازیابی کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کلفٹن میں خاتون کا اغوا کے بعد گینگ ریپ

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب میں ضلع ننکانہ صاحب میں بس کے انتظار میں کھڑی ایک خاتون کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا تھا جس کے بعد اسے نشہ آور مشروب پلا کر 6 افراد نے گینگ ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔

اس سے قبل ستمبر میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے کلفٹن میں مبینہ طور پر ایک خاتون کو اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

جولائی کے مہینے میں پنجاب کے شہر راولپنڈی کے علاقے گلریز کالونی میں ایک نوجوان خاتون کو مبینہ طور پر اغوا کر کے 2 لوگوں کی جانب سے ریپ کا نشانہ بنا دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024