• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وائرس کا شکار عامر لیاقت طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل

شائع November 15, 2020
عامر لیاقت حسین نے 5 نومبر کو کورونا کا شکار ہونے کی  تصدیق کی تھی— فائل فوٹو: ٹوئٹر
عامر لیاقت حسین نے 5 نومبر کو کورونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی تھی— فائل فوٹو: ٹوئٹر

رکن قومی اسمبلی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور میزبان عامر لیاقت حسین کو کورونا وائرس کے باعث طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ان کی اہلیہ طوبیٰ عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں بتایا کہ گزشتہ ہفتے ہم دونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اب عامر لیاقت حسین کی طبعیت اس قدر بگڑ گئی ہے کہ انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: عامر لیاقت اور اہلیہ طوبیٰ عامر بھی کورونا وائرس کا شکار

طوبیٰ عامر کا کہنا تھا کہ 'میری سالگرہ ہے لیکن ہم سیلیبریٹ نہیں کرسکتے کیونکہ عامر لیاقت شدید بیمار ہیں اور ہسپتال میں داخل ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ برائے کرم ہمارے لیے دعا کریں، یہ مشکل وقت ہے، میں انہیں ایسے نہیں دیکھ سکتی۔

علاوہ ازیں عامر لیاقت حسین کے اکاؤنٹ سے بھی ٹوئٹ کی گئی، جس میں انہوں نے کہا کہ ہاتھ جوڑ کر دعاؤں کی گزارش ہے کیونکہ میں کورونا سے لڑ نہیں رہا بلکہ پناہ مانگ رہا ہوں۔

خیال رہے کہ 5 نومبر کو عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی تھی۔

رکن قومی اسمبلی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ اور ان کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کووڈ-19 کے حملے کی زد میں ہیں۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے بیماری اور صحت سے متعلق قرآن شریف کی آیت شیئر کرتے ہوئے اسے وائرس کا علاج قرار دیا تھا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا تھا کہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے میں ادرک، لہسن، کلونجی، کالی مرچ، لونگ اور زیرہ مددگار ثابت ہورہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے عالمی وبا کورونا وائرس سے صحتیابی کے لیے عوام سے دعا کی اپیل بھی کی تھی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں رکن قومی اسمبلی کی اہلیہ نے بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی تھی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

طوبیٰ عامر نے اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ ان کا اور عامر لیاقت حسین کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وائرس کی تصدیق کے بعد دونوں گھر میں آئسولیشن میں ہیں، انہوں نے سب سے دعاؤں کی اپیل بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کورونا وائرس میں مبتلا

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اب دوبارہ بتدریج اضافہ شروع ہوگیا ہے اور 15 نومبر کی شام تک پاکستان میں کورونا وائرس سے 3 لاکھ 56 ہزار 904 افراد متاثر ہوچکے تھے جن میں سے 3 لاکھ 23 ہزار 225 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 141 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک متعدد سیاستدان و شوبز شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں جبکہ بعض تو اس وبائی مرض کے باعث انتقال بھی کرگئے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Rubina Nov 16, 2020 10:23am
May Allah heal you soon.

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024