• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

فلم انڈسٹری کو بچانے کیلئے شمعون عباسی پی ٹی آئی میں شامل

شائع November 14, 2020
فلم انڈسٹری کو بچانے کی میری تجاویز پر حکومت نے عمل شروع کردیا، اداکار—فائل فوٹو: فیس بک
فلم انڈسٹری کو بچانے کی میری تجاویز پر حکومت نے عمل شروع کردیا، اداکار—فائل فوٹو: فیس بک

فلم ساز، اداکار و پروڈیوسر شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے پاکستانی سینما، فلم و ٹی وی انڈسٹری کو بچانے اور سہارا دینے کے لیے وفاقی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرلی۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے شمعون عباسی نے وضاحت کی کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے سیاسی ونگ میں شمولیت اختیار نہیں کی بلکہ انہوں نے میڈیا انڈسٹری ڈیولپمنٹ ونگ کو جوائن کیا ہے۔

اداکار و فلم ساز کے مطابق انہوں نے پاکستانی سینما، فلم و ڈراما انڈسٹری کو بچانے اور اسے ایک روایتی مارکیٹ کی طرح بنانے کے لیے پی ٹی آئی کے میڈیا انڈسٹری ڈیولپمنٹ ونگ کو جوائن کیا۔

شمعون عباسی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے پی ٹی آئی جوائن کرنے کے بعد میڈیا انڈسٹری کی بحالی اور فلم انڈسٹری کو بطور روایتی صنعت بحال کرنے کے لیے حکومت کو کچھ تجاویز پیش کیں، جن پر حکومت نے عملدرآمد بھی شروع کردیا۔

اداکار نے اپنی تجاویز پر حکومتی عملدرآمد پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کی جانب سے دی گئی تجاویز پر عمل درآمد کے بعد پاکستان میں فلم و ٹی وی انڈسٹری کے حالات بہتر ہوں گے۔

شمعون عباسی متعدد فلموں میں اداکاری بھی کر چکےہیں—اسکرین شاٹ/ فلم درج/ یوٹیوب
شمعون عباسی متعدد فلموں میں اداکاری بھی کر چکےہیں—اسکرین شاٹ/ فلم درج/ یوٹیوب

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے اور میڈیا انڈسٹری کی بحال پر کام کرنے کے بعد انہوں نے فلم پروڈیوسرز، اداکاروں اور شعبے کے دیگر افراد سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور ہر کسی نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

شمعون عباسی نے بتایا کہ فلم و ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ زیادہ تر افراد نے بروقت پیسوں کی ادائیگی نہ ہونے کی شکایت کی، ساتھ ہی فلم پروڈیوسرز نے قرض نہ ملنے جیسے مسائل کی بھی شکایت کی۔

اداکار کے مطابق پاکستان میں زیادہ تر پروڈیوسرز اداکاروں اور تکنیکی عملے کو بروقت ادائیگیاں نہیں کرتے اور نہ ہی کام سے قبل کسی طرح کا کوئی معاہدہ کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے اقدامات کی منظوری دے دی

فلم ساز نے بتایا کہ اسی طرح بعض اداکار پروڈیوسرز سے پیسے لے کر انہیں سولی پر ٹانگ دیتے ہیں اور پروڈیوسرز کے ساتھ بروقت کام نہیں کرتے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے حکومت کے ساتھ مل کر ایک ایسے ادارے کا قیام عمل میں لایا ہے جو فلم و ڈراما سیٹ پر جاکر اداکاروں، تکنکی معاونین اور پروڈیوسرز کے درمیان معاہدے ہونے یا نہ ہونے سے متعلق جانچ پڑتال کرے گا۔

شمعون عباسی پروڈیوسر بھی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
شمعون عباسی پروڈیوسر بھی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

شمعون عباسی کے مطابق جن ڈراموں یا فلموں کے پروڈیوسرز نے اداکاروں کے ساتھ کسی طرح کا معاہدہ نہیں کیا ہوگا تو انہیں معاہدہ کرنے پرمجبور کرنے سمیت انہیں مستقبل کے لیے ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔

شمعون عباسی نے پاکستان میں ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ کے نہ ہونے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ پاکستانی فلم سازوں، ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز کو اپنا مواد بیرون ممالک کی ویب سائٹس پر دکھانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مواد تیار کرنے والے افراد کے لیے مقامی ویب اسٹریمنگ پلیٹ فارم کا ہونا ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: فلم پالیسی بن چکی، مارچ تک نافذ کردیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات

انہوں نے مواد کی تیاری پر بھی بات کی اور کہا کہ اگر پاکستان میں کوئی بھی شخص گینگ آف وسے پور اور مرزاپور جیسی ویب سیریز بنائے تو وہ اسے کس پلیٹ فارم پر چلائے، کیوں کہ ایسی سیریز کو ٹیلی وژن پر نہیں چلایا جا سکتا۔

شمعون عباسی نے بتایا کہ انہوں نے حکومت کو فلم و ڈراما انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے اور خصوصی منصوبوں کے لیے فںڈز مختص کرنے کی تجویز بھی دی ہے اور بتایا ہے کہ ثقافت، تاریخ، تہذیب، سیاست اور مذہب جیسے موضوعات پر مواد تیار کرنے کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ آئندہ سال کاروان 2021 نامی نئے فلم سازوں کے لیے فلم فیسٹیول کوبھی شروع کرنے والے ہیں، جس میں پاکستان سمیت بیرون ممالک میں رہنے والے نئے پاکستانی فلم ساز اپنی شارٹ فلمیں جمع کروائیں گے اور اچھی فلموں کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔

شمعون عباسی نے پی ٹی آئی کے میڈیا ڈیویلپمنٹ ونگ میں شمولیت اختیار کرلی—فائل فوٹو: فیس بک
شمعون عباسی نے پی ٹی آئی کے میڈیا ڈیویلپمنٹ ونگ میں شمولیت اختیار کرلی—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024