• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’چین آئے نہ‘ کے بعد وارث بیگ کے بیٹے کا انگریزی میں گانا ریلیز

شائع November 13, 2020
عمار بیگ جلد ہی مزید گانے ریلیز کریں گے—فوٹو: فیس بک
عمار بیگ جلد ہی مزید گانے ریلیز کریں گے—فوٹو: فیس بک

’چاند جھروکے میں، اک دلبر سے آنکھ ملی، مجھے چاند چاہیے اور آ پیار دل میں جگا‘ جیسے مقبول گیت گانے والے گلوکار وارث بیگ کے بیٹے عمار بیگ نے اپنا دوسرا گانا ریلیز کردیا۔

عمار بیگ نے گلوکاری کا آغاز 2017 میں کیا تھا اور ان کا پہلا گانا ’چین آئے نہ‘ سید نور کی کامیڈی فلم ’چین آئے نہ‘ میں شامل کیا گیا تھا۔

اگرچہ ’چین آئے نہ‘ فلم کو ناپسند کیا گیا اور فلم ساز سید نور پر شدید تنقید کی گئی تھی تاہم اس کے باوجود عمار بیگ کے گانے کو بہت سراہا گیا تھا۔

عمار بیگ کا گانا فلم کا ٹائیٹل سانگ تھا اور اس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے تھے۔

تاہم تین سال بعد اب عمار بیگ نے ایک اور گانا ریلیز کردیا۔

عمار بیگ نے دوسرا گانا اردو یا پنجابی زبان کے بجائے انگریزی زبان میں جاری کیا، جسے بنانے کا مرکزی خیال ان کے والد گلوکار وارث بیگ کا تھا۔

عمار بیگ نے اپنے انگریزی گانے ’وین آئی واز یوئر مین‘ کو 12 نومبر کو ریلیز کیا، جسے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

گانے میں عمار بیگ نے شمین خان کے ساتھ ماڈلنگ بھی کی ہے اور وہ ویڈیو میں رقص کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’چین آئے نہ‘ ہمیں کیا سکھاتا ہے؟

عدنان کندھر کی ہدایات کردہ ویڈیو کے لیے موسیقی کے انتظامات وارث بیگ اور ساجد حسین چکو نے کیے ہیں۔

عمار بیگ نے گانے کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کی۔

خیال رہے کہ عمار بیگ کے والد وارث بیگ نے 1995 کے بعد گلوکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے درجنوں پاکستانی فلموں میں گانے گاکر فلموں کی کامیابی کو یقینی بنایا۔

وارث بیگ کو ان کی شاندار گلوکاری پر متعدد ایوارڈز بھی دیے جا چکے ہیں اور وہ آج بھی پاکستان کے معروف گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024