• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

والدین نے کیریئر سمیت ہر معاملے میں خود مختاری دی، ماورا حسین

شائع November 13, 2020
اداکارہ نے والدین کی جانب سے آزادی دیے جانے کا اعتراف کیا—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ نے والدین کی جانب سے آزادی دیے جانے کا اعتراف کیا—فائل فوٹو: فیس بک

رواں برس کے پاکستان کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہونے والے ’ثبات‘ میں انایا عزیز نامی خودمختار لڑکی کا کردار ادا کرنے والی ماورا حسین نے اعتراف کیا ہے کہ اصل زندگی میں بھی انہیں اپنے والدین نے ہر معاملے میں آزادی دی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے ایشین نیٹ ورک سے فیس بک پر بات کرتے ہوئے ماورا حسین نے بتایا کہ دراصل ڈراما ’ثبات‘ میں ان کا اور ان کے والدین کا کردار ان کی حقیقی زندگی سے بہت مماثلت رکھتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی ’ثبات‘ کی انایا کی طرح ہی ہیں اور ان کے والدین نے ہمیشہ انہیں آزادی و خود مختاری دی۔

ثبات میں ماورا حسین کی اداکاری کو بہت پسند کیا گیا—اسکرین شاٹ
ثبات میں ماورا حسین کی اداکاری کو بہت پسند کیا گیا—اسکرین شاٹ

ماورا حسین نے بتایا کہ والدہ نے انہیں ہمیشہ مالی طور پر آزاد اور خودمختار بننے کے گر سکھائے اور والدین نے ان کی جانب سے اداکاری کا انتخاب کیے جانے پر ان کی حمایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ماورا حسین کو لڑکوں کے گھورنے سے متعلق پرانے بیان پر تنقید کا سامنا

اداکارہ کے مطابق والدین نے انہیں اپنی مرضی کا کیریئر منتخب کرنے سمیت ہر معاملے میں خود مختاری دی اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے تعلیم مکمل کرنے سے قبل ہی اداکاری شروع کردی تھی اور اداکاری کے درمیان ہی انہوں نے اپنی مرضی سے تعلیم مکمل کرنے کا سوچا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے والدین کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ جس طرح وہ ڈراما ’ثبات‘ میں تھیں، اسی طرح حقیقی زندگی میں بھی ہیں اور ڈرامے میں دکھائے گئے والدین کے کردار بھی ان کے والدین کی حقیقی زندگی سے ملتے جلتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں والدین سے بڑھ کر کوئی بھی اپنی اولاد سے محبت نہیں کرتا اور نہ ہی ان کے لیے بہتر سوچتا ہے۔

ماورا حسین کے مطابق اگر اولاد اپنی ہر بات والدین کو بتائیں تو یقینی طور پر والدین ان کی تمام باتوں کو سننے کے بعد اپنے بچوں کے لیے بہتر فیصلہ کریں گے۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اگر ڈراموں میں مثبت اور تعمیری کردار دکھائے جائیں گے تو لازمی طور پر سماج میں بہتری آئے گی۔

خیال رہے کہ ماورا حسین کا ڈراما ’ثبات‘ رواں برس کے آغاز سے ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا اور اس کی کہانی کو بہت سراہا گیا تھا۔

ڈرامے میں ماورا حسین سمیت عثمان مختار، سارا خان، امیر گیلانی، سید محمد احمد اور سیمی راحیل سمیت دیگر نے کردار ادا کیے تھے اور یہ ڈراما اکتوبر تک نشر ہوتا رہا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024