پشاور زلمی کو چمپیئن بنانا چاہتا ہوں، انگلش فاسٹ باؤلر ثاقب محمود
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کے میچوں میں شرکت کے لیے متعدد غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں جن میں پشاور زلمی کے پاکستانی نژاد برطانوی فاسٹ باؤلر ثاقب محمود بھی شامل ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کے دوران ایک انٹرویو میں ثاقب محمود نے کہا کہ 10 سال بعد پاکستان آکر بہت خوشی ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شمال میں واقع ضلع اٹک سے ہے اور بیشتر افراد پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے مداح ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل اور پشاور زلمی کے بارے میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں لیام ڈاؤسن، کرس جارڈن، ٹام بینٹن اور دیگر نے کافی کچھ بتایا تھا اور واقعی پشاور زلمی ٹیم ایک زبردست گروپ ہے جہاں سب ایک خاندان کی طرح ہیں۔
ثاقب محمود نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ بہت سے پاکستانی مداحوں نے انہیں باؤلنگ کرتے نہیں دیکھا ہوگا اس لیے چاہتا ہوں کہ اپنی باؤلنگ سے پشاور زلمی کو ٹائٹل جتوا کر اس موقع کو یادگار بناؤں۔
مزید پڑھیں: ملتان سلطانز کے جیمز وِنس بھی کورونا سے متاثر
انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی میں شامل وہاب ریاض اور حسن علی بہترہن فاسٹ باؤلرزز ہیں اور اب تک ہمارے دونوں پریکٹس سیشنز شان دار رہے۔
پشاور زلمی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حیدر علی بہترین نوجوان کرکٹر ہیں، ان سب کے ساتھ کھیل کر اچھا تجربہ حاصل ہوگا۔
پی ایس ایل ٹیموں کے درمیان پریکٹس میچ
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کی ٹیموں کے درمیان پریکٹس میچ بھی ہوا، جس میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 22 رنز سے شکست دی۔
ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کو 195 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا۔
انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ملتان سلطانز کے بلے باز روی بوپارا نے 57 اور شان مسعود نے 66 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں: محموداللہ کورونا وائرس کا شکار ہو کر پی ایس ایل پلے آف سے باہر
ملتان سلطانز کے دیگر نمایاں بلے بازوں میں رائلی روسو 43 اور ایڈم لیتھ 25 رنز بنا کر نمایاں تھے۔
پشاور زلمی کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 172 رنز بنا سکی حالانکہ صہیب مقصود نے 80 رنز کی ایک بڑی اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی کی جانب سے امام الحق نے 49 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچ 14 سے 17 نومبر تک کراچی میں کھیلے جائیں گے۔