• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

سرینا عیسیٰ، نظرثانی درخواست سے تین ججوں کے اخراج کی مخالف

شائع November 11, 2020
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ—فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ—فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ نے منگل کے روز ذاتی طور پر سپریم کورٹ رجسٹرار کو درخواست پیش کی ہے جس میں ان تمام ججوں کو فل کورٹ میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی ہے جنہوں نے ان کے شوہر کی جانب سے صدارتی ریفرنس کے خلاف دائر درخواست کا فیصلہ کیا تھا اور 19 جون کو ایک مختصر فیصلہ جاری کیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنی ایک صفحے کی درخواست میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جب اس ناانصافی کو معزز چیف جسٹس کے سامنے لایا جائے گا، جن کا میں بہت عزت اور احترام کرتی ہوں، تو وہ آپ کو [رجسٹرار] کو ہدایت دیں گے کہ وہ جسٹس مقبول باقر، جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس یحییٰ آفریدی (جنہوں نے فیصلے میں اختلافی نوٹ لکھے) کو میری نظرثانی درخواست کی سماعت کرنے والے بینچ سے خارج نہ کریں۔

مزید پڑھیں: جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس میں ’نقائص‘ تھے، سپریم کورٹ

سرینا عیسیٰ جو عوامی داخلی راستے سے عدالت کے احاطے میں داخل ہوئی تھیں اور چھڑی کے سہارے چل رہی تھیں تاہم انہوں نے میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا۔

انہوں نے اپنی درخواست میں کہا کہ میں اور میرے بچے کسی بھی معاملے میں (صدارتی ریفرنس دائر کرنے کے خلاف دائر آئینی درخواستوں) میں فریق نہیں ہیں، اس کے باوجود فیصلوں میں 194بار ہمارا ذکر کیا جا چکا ہے جس میں جسٹس عمر عطا بندیال نے (81 مرتبہ)، جسٹس مقبول باقر نے (39 بار)، جسٹس فیصل عرب نے (7 بار)، جسٹس سید منصور علی شاہ نے (54 بار) اور جسٹس یحییٰ آفریدی نے (13 بار) ذکر کیا۔

28 اکتوبر کو جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس فیصل عرب، جسٹس مظہر عالم میاں خیل، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل 7 ججوں کے فل کورٹ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد آصف ریکی، پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین شاہنواز اسمعٰیل اور بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین کی جانب سے مشترکہ ایک صفحے کی درخواست کو قبول کرنے کے بعد 16 نومبر تک سماعت ملتوی کردی تھی۔

انہوں نے بینچ سے استدعا کی تھی کہ وہ 28 اکتوبر کی کارروائی ملتوی کریں اور چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کے سامنے معاملہ پیش کریں تاکہ وہ ان تمام ججوں پر مشتمل ایک لارجر بینچ تشکیل دیں جو اس سے قبل جسٹس عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس دائر کرنے کے خلاف آئینی درخواستوں کی سماعت کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دے دیا

اپنی درخواست میں سرینا عیسیٰ نے روشنی ڈالی کہ ججوں نے ان کے مقدمے کی سماعت، جنہوں نے اس بات کو زیادہ ضروری سمجھا کہ ان کی نظر ثانی کی درخواست کو یہ سب سنیں، انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آئین کا آرٹیکل 188 مجھے یہ حق دیتا ہے اور سپریم کورٹ کے قوانین اس کی تصدیق کرتے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ اگر تین ججوں کو خارج کردیا گیا تو ان کے حقوق کی خلاف ورزی ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس سپریم جوڈیشل کونسل کے ذریعے فریق تھے اور عہدے کا حلف لیا تھا اور ضابطہ اخلاق مکمل غیر جانبداری کا تقاضا کرتے ہیں۔

درخواست میں یاد دلایا گیا کہ سپریم جوڈیشل کونسل ان درخواستوں میں جوابدہ ہے جس میں ان کی طرف سے نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس، سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن ہیں اور اب اپنے عہدے کی وجہ سے ہی اس کے چیئرمین بھی ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ سمیت نظرثانی درخواستوں میں 3 سے 11 کے پیراگراف پر نظرثانی کی استدعا کی گئی جس میں یہ استدلال کیا گیا کہ 19 جون کے مختصر آرڈر میں ان پیراگراف کی ہدایت / مشاہدات یا مندرجات غیرضروری، ضرورت سے زیادہ، متضاد اور غیر قانونی ہیں اور اس طرح یہ ضروری ہے کہ ان کا جائزہ لیا جائے اور حذف کیا جائے کیونکہ انہوں نے غلطی اور ریکارڈ کی غلط انداز میں عکاسی کی۔

مزید پڑھیں: فائز عیسیٰ کیس: 'کسی نے نہیں کہا جج کا احتساب نہیں ہوسکتا، قانون کے مطابق ایسا ہوسکتا ہے'

مختصر حکم میں پیراگراف 3 سے 11 کے ذریعے 7 ججوں نے ریفرنس کو مسترد کردیا تھا لیکن فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین کو حکم دیا تھا کہ وہ سپریم جوڈیشل کے سیکریٹری کو وہ رپورٹ پیش کرے جس میں ان لینڈ ریونیو کمشنر کی جانب سے جسٹس عیسیٰ کی اہلیہ اور بچوں کی برطانیہ میں تینوں املاک کے لیے فنڈز کی نوعیت اور ذرائع کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔

اس فیصلے کی تفصیلات کے مطابق رپورٹ کی وصول پر سپریم جوڈیشل کونسل اپنے ازخود نوٹس کے دائرہ اختیار کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 209 کے مقاصد کے لیے کوئی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کرسکتی ہے۔

اپنی نظرثانی درخواست میں سرینا عیسیٰ نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کے ٹیکس کے معاملات بھی کسی دوسرے شہری کی طرح رازداری میں رہنے چاہئیں، انہوں نے مزید کہا کہ نجی شہری کے ٹیکس امور نہ تو دوسرے شہریوں کے بنیادی حقوق پر اثرانداز ہوتے ہیں اور نہ ہی عوامی اہمیت کا معاملہ ہے، درخواست میں استدلال کیا گیا ہے کہ اس حکم کے تحت نجی شہریوں کی عوامی اہمیت کے حامل امور کی ٹیکس واجبات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے اور مزید کہا گیا ہے کہ اس سے بنیادی حقوق اور عوامی اہمیت کی خلاف ورزی کے ضروری نکات کو پورا نہیں کیا جاسکتا ہے جس کا سپریم کورٹ کے آرٹیکل 184 (3) کے اختیارات میں ذکر کیا گیا ہے۔

نظرثانی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ غیر ملکی اثاثوں اور آف شور چوری کو پہلی بار فنانس ایکٹ 2019 کے ذریعے 30 جون 2019 کو متعارف کرایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کون ہیں؟

درخواست گزار نے کہا کہ انہوں نے سال 2018 اور 2019 کے اپنے ٹیکس گوشواروں میں تین آف شور جائیدادوں کا اعلان اس قانون میں تبدیلی کے بعد کیا تھا جس میں ان کو اس طرح کے قرار دینے کی ضرورت ہوتی ہے اور آج تک انہیں سالانہ ٹیکس یا ٹیکس ریٹرنز کے سلسلے میں کوئی نوٹس نہیں ملا، علاوہ ازیں یہ کہ انہوں نے ظاہر نہیں کیا یا کم ظاہر کیا یا غلط تفصیلات فراہم کیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024