• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm

برازیل میں چینی کورونا ویکسین کا ٹرائل ایک رضاکار کی ہلاکت کے بعد معطل

شائع November 10, 2020
سینویک کی تجرباتی ویکسین — اے پی فوٹو
سینویک کی تجرباتی ویکسین — اے پی فوٹو

برازیل نے اپنے ملک میں جاری چین کی ایک کورونا ویکسین کے ٹرائل کو روک دیا ہے، جس کی وجہ ایک رضاکار کی موت ہے، مگر محققین کا کہنا ہے کہ اس کا دوا سے کوئی تعلق نہیں۔

برازیل کے حکومتی بوتانتین انسٹیٹوٹ کی جانب سے جولائی سے سینویک کی تجرباتی کورونا ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل پر کام کیا جارہا ہے۔

مگر 9 نومبر کو برازیل کے ہیلتھ ریگولیٹر انویسا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایک سنگین واقعہ 29 اکتوبر کو پیش آیا اور اسی وجہ سے ویکسین کے ٹرائل کو معطل کردیا گیا۔

بوتانتین انسٹیٹوٹ کے ڈائریکٹر ڈیماس کواس نے گزشتہ روز مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرائل میں شامل ایک فرد کی موت ہوئی ہے، مگر اس کا ویکسین سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت 10 ہزار سے زیادہ رضاکار ٹرائل کا حصہ ہیں اور موت ایک قدرتی امر ہے، اس رضاکار کی موت کا ویکسین کے استعمال سے کوئی تعلق نہیں۔

منگل کو باضابطہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینویک کی تجرباتی ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے دوران کوئی سنگین مضر اثرات دیکھنے میں نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ برازیل میں ٹرائل کو معطل کرنا ناپسندیدہ عمل ہے اور ایسا ہماری مشاورت کے بغیر کیا گیا۔

برازیلین ریگولیٹر نے رضاکار کی موت کے حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

ادارے کے مطابق ان رضاکاروں کا ڈیٹا خفیہ رکھنا ہوگا جو کہ انسانی وقار، ان کے تحفظ اور اعتماد کے اصولوں کے مطابق ہے، ٹرائل معطل رہنے کے دوران کسی نئے رضاکار کو ویکسین استعمال نہیں کرائی جائے گی۔

دوسری جانب منگل کو سینویک نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ رضاکار کی موت کا ذمہ دار ویکسین کو قرار نہیں دیا جاسکتا۔

کمپنی کے مطابق ہمیں معلوم ہے کہ بوتانتین انسٹیٹوٹ کے سربراہ کا مانناا ہے کہ اس واقعے کا ویکسین سے کوئی تعلق نہیں، ہم اپپنی ویکسین کے محفوظ ہونے کے حوالے سے پراعتماد ہیں۔

برازیل میں چینی ویکسین کا ٹرائل معطل ہونے کی خبر اس وقت سامنے آئی تھی جب گزشتہ روز فائزر کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اس کی تجرباتی ویکسین کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے 90 فیصد موثر ثابت ہوئی۔

سینویک کی اس تجرباتی ویکسین کو چین میں ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی جاچکی ہے اور ہزاروں افراد کو اس کا استعمال کرایا گیا ہے۔

ویسے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ویکسینز کے ٹرائل کو روکنا غیرمعمولی نہیں۔

12 اکتوبر کو جونسن اینڈ جونسن نے اپنی ویکسین کے ٹرائل کو اس وقت روک دیا تھا جب ایک رضاکار بیمار ہوگیا۔

اس سے قبل ستمبر میں آکسفورڈ یونیورسٹی اور آسترا زینیکا کی ویکسین کا ٹرائل بھی برطانیہ میں اسی طرح کے ایک واقعے کے بعد روکا گیا۔

بعد ازاں اکتوبر کے آخر میں اس ویکسین کے برازیل میں ٹرائل کے دوران ایک رضاکار انتقال کرگیا، مگر بعد میں بتایا گیا کہ اس رضاکار کو ویکسین کی بجائے پلیسبو استعمال کرایا گیا تھا۔

اس کے بعد برازیل میں اس ویکسین کا ٹرائل دوبارہ شروع کردیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ برازیل کی حکومت سینویک کے ساتھ اس ویکسین کی تیاری کے لیے کام کررہی ہے اور برطانوی ویکسین کے 10 کروڑ ڈوز بھی خریدنے کے لیے تیار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024