• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کوہلی کے ہاں پہلے بچے کی آمد متوقع، آسٹریلیا کے خلاف 3 میچز کی چھٹی منظور

شائع November 9, 2020 اپ ڈیٹ November 10, 2020
کوہلی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ بھی کھیلیں گے—فائل/فوٹو: اے ایف پی
کوہلی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ بھی کھیلیں گے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے ہاں جنوری 2021 میں پہلے بچے کی آمد متوقع ہے، جس کے لیے انہیں آسٹریلیا کے خلاف 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے 3 میچوں کی چھٹی مل گئی ہے۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق 32 سالہ ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ و بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ انوشکا شرما کے ہاں جنوری میں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے اور کپتان کو اس موقع پر خصوصی چھٹی دے دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انجری کے شکار مایہ ناز بلے باز روہت شرما کو ٹیم میں واپس شامل کرنے کا اعلان کیا ہے اور بھارتی ٹیم رواں ہفتے آسٹریلیا روانہ ہوگی۔

بی سی سی آئی نے بیان میں کہا کہ کوہلی نے اکتوبر میں اس حوالے سے آگاہ کیا تھا اور وہ ایڈیلیڈ میں شیڈول ٹیسٹ کے بعد واپس آئیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘بھارتی ٹیم کے کپتان کو پدرانہ چھٹیاں دی گئی ہیں’ اور بورڈ نے واپسی کی تاریخوں کی بھی تصدیق کردی۔

بی سی سی آئی کے اعلامیے کے مطابق ایک روزہ کرکٹ کے عالمی نمبر ایک بلے باز نومبر اور دسمبر میں ہونے والی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ویرات کوہلی دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ بھی کھیلیں گے جو 17 دسمبر کو شروع ہوگا اور ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میلبورن میں 26 دسمبر کو شروع ہوگا جس کے بعد تیسرا اور چوتھا ٹیسٹ سڈنی اور برسبین میں کورونا بحران کے باعث بائیو ببلز میں کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ہمسٹرنگ کے باعث کھیل سے باہر ہونے والے روہت شرما بھی ٹیم میں دیر سے شامل ہوں گے جبکہ وہ لیگ کے فائنل میں دہلی کیپٹلز کے خلاف ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

بی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ ایک میڈیکل ٹیم 33 سالہ روہت شرما کو دیکھ رہی ہے اور فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سے قبل ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کا حصہ بنانا چاہیے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹنڈولکر کا بلے بازوں کیلئے ہیلمٹ لازمی قرار دینے کا مطالبہ

بھارت کی ٹیم میں تجربہ کار فاسٹ باؤلر اشانت شرما کو انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، وہ آئی پی ایل کے ابتدائی میچوں سے باہر ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ بھارت کی ٹیم نے گزشتہ دورے میں پہلی مرتبہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی اور اب 12 نومبر کو دوبارہ آسٹریلیا روانہ ہوگی۔

بھارتی ٹیم کو 27 نومبر کو سڈنی میں پہلے ایک روزہ میچ سے قبل دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024