• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

گرفتار رکن صوبائی اسمبلی کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

شائع November 9, 2020
عدالت نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی—فائل فوٹو: فیس بک
عدالت نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی—فائل فوٹو: فیس بک

لاہور کی مقامی عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ حافظ نفیس نے عمران نذیر کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر کے انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

چنانچہ پولیس نے آج گرفتار رکن اسمبلی خواجہ عمران نذیر کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ کے روبرو پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے گرفتار رکن صوبائی اسمبلی ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پولیس نے تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے ایک روز کا جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

دوسری جانب عدالت نے نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے ہی مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے 5 دیگر اراکین اسمبلی کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی شائستہ ملک، شہباز چوہدری، غزالی بٹ، علی پرویز ملک اور محمد پرویز ملک کو 16 نومبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔

مزید پڑھیں: نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی: مریم نواز کے خلاف مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل

جج ارشد حسین بھٹہ نے حکم دیا کہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر خواجہ عمران نذیر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ لاہور پولیس نے خواجہ عمران نذیر کو 7 نومبر کو گرفتار کیا تھا۔

خواجہ عمران نذیر کے زیر استعمال گاڑی ’ایل ای اے 8029‘ پولیس کو مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب دفتر پر پتھراؤ سے متعلق مقدمے میں مطلوب تھی۔

اگست میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی نیب دفتر میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی تھی جس کے خلاف نیب افسران کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکنان نامزد ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور: پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی کو گرفتار کرلیا

چنانچہ 7 نومبر کو پولیس نے مذکورہ گاڑی کو سیف سٹی اتھارٹی کی مدد سے ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر روکا جس میں رکن صوبائی اسمبلی سوار تھے۔

بعد ازاں پولیس خواجہ عمران نذیر اور مطلوبہ گاڑی کو تھانہ فیصل ٹاؤن لے گئی، جہاں سے چوہنگ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024