• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

مسلم لیگ (ن) کے گرفتار رکن صوبائی اسمبلی ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

شائع November 8, 2020
پولیس نے مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکریٹری عمران نذیر کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا — فائل فوٹو: فیس بک
پولیس نے مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکریٹری عمران نذیر کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا — فائل فوٹو: فیس بک

لاہور کی مقامی عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ساتھ ہی عدالت نے رکن صوبائی اسمبلی کو آئندہ روز انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت میں پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔

پولیس نے مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکریٹری عمران نذیر کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں آج ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ حافظ نفیس کے روبرو پیش کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی کو گرفتار کرلیا

جوڈیشنل میجسٹریٹ کے سامنے تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ خواجہ عمران نذیر سے واقع میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی ہے تاہم ابھی ان کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا باقی ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ ملزم کے موبائل سے ہنگامہ آرائی کی پلاننگ کا ریکارڈ اکٹھا کرنا ہے لہٰذا عدالت 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔

دوسری جانب خواجہ عمران نذیر کے وکیل وقار احمد نے مؤقف اختیار کیا مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں لہذا جسمانی ریمانڈ اس عدالت کا اختیار نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی: مریم نواز کے خلاف مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل

انہوں نے کہا کہ ملزم کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ کرنا انسدادِ دہشت گردی عدالت کا اختیار ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے 9 نومبر کو متعلقہ عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

خواجہ عمران نذیر کے زیر استعمال گاڑی ’ایل ای اے 8029‘ پولیس کو مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب دفتر پر پتھراؤ سے متعلق مقدمے میں مطلوب تھی۔

اگست میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی نیب دفتر میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی تھی جس کے خلاف نیب افسران کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکنان نامزد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی: کیپٹن (ر) صفدر سمیت 30 ملزمان کی ضمانت کی توثیق

چنانچہ 7 نومبر کو پولیس نے مذکورہ گاڑی کو سیف سٹی اتھارٹی کی مدد سے ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر روکا جس میں رکن صوبائی اسمبلی سوار تھے۔

بعد ازاں پولیس خواجہ عمران نذیر اور مطلوبہ گاڑی کو تھانہ فیصل ٹاؤن لے گئی، جہاں سے چوہنگ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024