• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ، ایف سی جوان شہید

شائع November 3, 2020
دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار زخمی بھی ہوئے، ترجمان پاک فوج — فائل فوٹو / اے ایف پی
دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار زخمی بھی ہوئے، ترجمان پاک فوج — فائل فوٹو / اے ایف پی

پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ بلوچستان کے ضلع ژوب کے منزیکئی سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر کی گئی۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی اہلکار 22 سالہ نائیک فخر عباس شہید جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ سرحد کے آر پار دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مؤثر بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے اور پاکستان مؤثر بارڈر مینجمنٹ کا معاملہ افغان حکام کے ساتھ مسلسل اٹھاتا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

14 اکتوبر کو صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی سرحدی چوکی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں حوالدار تنویر نے جام شہادت نوش کیا۔

قبل ازیں 22 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا۔

5 اگست کو سرحد پار سے دہشت گردوں اور افغان بارڈر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے مختلف واقعات میں فرنٹیئر کور کا ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024