• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

آزاد کشمیر: بھارتی فوج کی شیلنگ سے ایک شہری شہید

شائع November 2, 2020
متاثرہ خاندان کے 10 مویشی بھی شیلنگ سے زخمی ہوئے —فائل فوٹو: اے ایف پی
متاثرہ خاندان کے 10 مویشی بھی شیلنگ سے زخمی ہوئے —فائل فوٹو: اے ایف پی

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں لائن کنٹرول کی دوسری جانب سے بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور اس کی اہلیہ زخمی ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ضلع حویلی کے مرکز، فاوروڈ کہوٹہ کے پولیس حکام نے بتایا کہ اتوار کے روز بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ صبح 7 بجے کے قریب چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کی مدد سے رکھ چکری سیکٹر پر فائرنگ کی گئی جو 3 گھنٹوں تک جاری رہی۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی اور ایک نوجوان شہید

پولیس عہدیدار نے بتایا کہ بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں کیرنی گاؤں میں ایک گھر پر مارٹر شیل کے ٹکڑے گرے جس سے 55 سالہ محمد سرور موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ ان کی 47 سالہ اہلیہ گلاب زخمی ہوگئیں۔

عہدیدار نے کہا کہ متاثرہ خاندان کے 10 مویشی بھی شیلنگ سے زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کو گاؤں والوں نے حلال کرنے کے لیے ذبح کردیا جبکہ بقیہ مر گئے۔

اس سے قبل 29 اکتوبر کو اسی گاؤں میں بھارتی شیلنگ سے رخسانہ نامی خاتون اور ریحان راٹھور نامی مرد زخمی ہوگیا تھا۔

حکام کے مطابق ازاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں رواں سال بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے باعث 22 شہری زندگیوں سے محروم ہوئے جبکہ 195 زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے فوجی جوان شہید

اس سے قبل 28 اور 29 ستمبر کو آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ بروہ اور تندر سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور ایک شہری شہید ہوگیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ 27 ستمبر کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا۔

اسی طرح 23 ستمبر کو بھی بھارت نے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال شیلنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024