عراق: سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 11 عسکریت پسند ہلاک
بغداد: عراقی سیکورٹی فورسز نے شمالی بغداد میں ایک آپریشن کے دوران گیارہ مبینہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ درجنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
فوجی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن گزشتہ ماہ ہونے والے چیک پوائنٹ حملے کے جواب میں کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی گھر گھر چیکنگ اس وقت مہلک ہوگئی جب کچھ عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ کردی جبکہ متعدد شدت پسند خود کش جیکٹ پہنے ہوئے تھے۔
اس آپریشن کے دوران ہزاروں سیکورٹی اہلکار اور متعدد ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جارہا ہے جسے رواں سال کے بڑے بڑے آپریشنوں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔
شدت پسندوں نے شیعہ حکومت کے خلاف حملوں میں تیزی پیدا کردی ہے جبکہ ملک شام میں جاری خانہ جنگی کی وجہ سے بھی فرقہ وارانہ تشدد میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ملک بھر میں سیکورٹی گزشتہ ماہ ہونے والے جیل حملوں کے بعد بڑھادی گئی ہے جس میں 500 سے زائد قیدی فرار ہوگئے تھے جن میں سے دو کا تعلق القائدہ سے تھا۔
پیر کو ہونے والا آپریشن گزشتہ ماہ ہونے والے حملے کے جواب میں کیا گیا جس میں 14 اہل تشیع ڈرائیوروں کا ہلاک کردیا گیا تھا۔
عراق میں بڑھتے تشدد سے ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ نے کہا تھا کہ جولائی کے مہینے میں 1000 عراقی مارے گئے تھے جو کہ 2008ء کے بعد تشدد کا شکار ملک میں کسی بھی مہینے مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔