• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

3 ماہ کے بعد ملک میں پہلی مرتبہ کووڈ 19 کے یومیہ کیسز 1000 سے تجاوز کرگئے

شائع October 30, 2020
ملک میں 3 ماہ کے بعد کووڈ 19 کے کیسز ایک ہزار سے تجاوز کرگئے — فوٹو: اے ایف پی
ملک میں 3 ماہ کے بعد کووڈ 19 کے کیسز ایک ہزار سے تجاوز کرگئے — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں رواں سال جولائی کے بعد پہلی مرتبہ کورونا وائرس کے یومیہ کیسز ایک ہزار سے تجاوز کرگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کے روز ایک ہزار 78 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 20 افراد اس وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے۔

ڈان ڈاٹ کام کو موصول ہونے والے ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں آخری مرتبہ 3 ماہ قبل 29 جولائی کو ایک ہزار 74 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: ’70 روز میں پہلی مرتبہ کورونا کیسز کی مثبت شرح 3 فیصد سے بڑھ گئی‘

این سی او سی کے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں اس وقت 11 ہزار 864 مصدقہ کیسز موجود ہیں جبکہ جمعرات کو 32 ہزار 933 ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

ان میں سے سندھ میں 11 ہزار 504، پنجاب میں 11 ہزار 432، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 211، اسلام آباد میں 5 ہزار 229، بلوچستان میں 603، گلگت بلتستان میں 355 اور آزاد جموں و کشمیر میں 599 ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اب تک ملک میں باقل ذکر 3 لاکھ 13 ہزار 527 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں، این سی او سی کے بیان میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا متاثرہ مریضوں کے لیے مختص ایک ہزار 884 وینٹیلیٹرز میں سے 98 پر مریض زیر علاج ہیں جبکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کوئی مریض وینٹیلیٹر پر موجود نہیں۔

این سی او سی کے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک بھر میں کووڈ 19 سے متعلق سہولیات والے 735 ہسپتالوں میں 808 مریض زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ کچھ روز کے دوران پاکستان میں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد گزشتہ 70 روز میں پہلی مرتبہ بڑھ کر 3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

گزشتہ روز پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں عوام پر زور دیا تھا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے پر عمل کریں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اگر اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو مجھے خطرہ ہے سخت اقدامات اٹھانے پڑ سکتے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت نے 2 روز قبل فیصلہ کیا تھا کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ 11 شہروں میں تمام تجارتی مراکز رات 10 بجے اور پارکس شام 6 بجے بند کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

واضح رہے کہ کیسز کی مثبت شرح کو 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹ کی تعداد سے ان میں مثبت پائے گئے نمونوں کی تعداد سے تقسیم کر کے حاصل کیا جاتا ہے۔

جولائی میں مثبت شرح 2 فیصد سے بھی کم ہوگئی تھی لیکن گزشتہ ماہ اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور بدھ کے روز یہ 3 فیصد سے بڑھ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں کیسز کے مثبت آنے کی بلند ترین شرح 23 فیصد جولائی میں سامنے آئی تھی جبکہ ستمبر میں یہ سب سے کم یعنی 1.7 فیصد رپورٹ کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024