• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات: ’قوم دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف متحد ہے‘

شائع October 29, 2020
عمران خان سے جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی—فوٹو: دفتر وزیراعظم ٹوئٹر
عمران خان سے جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی—فوٹو: دفتر وزیراعظم ٹوئٹر

وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی اور مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں عمران خان سے جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور اور داخلی اور خارجی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات پاکستان میں تشدد کو ہوا دینے کی کوششوں سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے زور دیا کہ پوری قوم دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف متحد ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے مادر وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے پاک فوج، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

خیال رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں ملک میں دہشت گردی کے کچھ واقعات رونما ہوئے ہیں۔

27 اکتوبر کو پشاور کی دیرکالونی میں واقعہ مدرسے میں دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکا اس وقت ہوا تھا جب مدرسے میں کلاس جاری تھی جبکہ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ یہ ایک آئی ای ڈی دھماکا تھا جس میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز پاک فوج کے سربراہ نے پشاور میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مدرسے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کی عیادت بھی کی تھی اور اُن کی صحت کے بارے میں دریافت کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دشمن نے مذموم مقاصد پروان چڑھانے کیلئے مدرسے کے بچوں کو خون میں نہلایا،آرمی چیف

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو اے پی ایس پشاور میں معصوم بچوں کو ٹارگٹ کیا گیا، 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر دشمن نے ایک بار پھر اپنی سیاہ تاریخ اور مذموم عزائم کو دوبارہ پروان چڑھانے کے لیے مدرسے کے معصوم بچوں کو خون میں نہلا دیا، ان بچوں میں افغان مہاجرین کے بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک نہ پہنچائیں، کل بھی پوری قوم نے دہشت گردوں کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا اور ہم آج بھی متحد ہیں اور مل کر اس کا مقابلہ کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024