• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

شاہد آفریدی لنکا پریمیئر لیگ کی ٹیم گال گلیڈی ایٹرز میں شامل

شائع October 19, 2020 اپ ڈیٹ November 22, 2020
—فائل/فوٹو:اے ایف پی
—فائل/فوٹو:اے ایف پی

لنکا پریمیئر لیگ میں شامل پانچوں ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا جہاں پاکستانی ٹیم کے دو سابق کپتان شاہد آفریدی اور سرفراز احمد کو گال گلیڈی ایٹرز نے حاصل کرلیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے ہی گال گلیڈی ایٹرز خرید لی ہے اور کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے وسیم اکرم مینٹور کے طور پر شریک تھے۔

قواعد کے مطابق لیگ میں شامل ہر ٹیم کو 6 غیر ملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہوگا اور مجموعی طور پر 30 بین الاقوامی کرکٹرز لیگ کھیلیں گے۔

مزید پڑھیں: شاہد آفریدی، گیل سمیت اسٹار کرکٹرز لنکا پریمئر لیگ کی نیلامی میں شامل

لیگ میں شامل ہر ٹیم کا اسکواڈ 19کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا اور لیگ میں حصہ لینے والے مقامی کھلاڑیوں کی تعداد 65 ہوگی۔

گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 4 کھلاڑی شامل ہیں۔

ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، اعظم خان اور محمد عامر کے علاوہ لاستھ ملِنگا، افغانستان سے تعلق رکھنے والے حضرت اللہ زازئی بھی شامل ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کے کولن انگرام، سری لنکا کے دنوشکا گناتھیلاکا، بھانوکا راجاپکسا، اکیلا دنانجیا، ملیندا سرواردنے، لکیشن سینڈیکان، شیہان جے سوریا، اسیتھا فرنانڈو، نووا تھوشارا، محمد شیراز، دھنانجیا لکشن، چناکا روانسیری اور ساہان اراچی شامل ہیں۔

کولمبو کنگز کی ٹیم میں مشہور کھلاڑی آندرے رسل، فیف ڈیوپلیسی اور اینجیلو میتھیوز شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے مشہور کھلاڑی کرس گیل کو کینڈی ٹسکرز نے حاصل کیا ہے جہاں کوسل پریرا، لیام پلنکٹ، وہاب ریاض اور دیگر نمایاں کھلاڑی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: پی ایس ایل سیمی فائنلز اور فائنل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

دمبولا ہاکس کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر، سری لنکا کے داسن شناکا، نیروشان ڈیکویلا، اپل تھرنگا جیسے کھلاڑیوں کو بھی حصہ بنایا ہے۔

پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کو جافنا اسٹالنز نے منتخب کیا ہے جس میں ان کے علاوہ قومی ٹیم کے آصف علی اور عثمان شنواری بھی شامل ہیں۔

جافنا اسٹالنز میں شامل دیگر مشہور کھلاڑیوں میں ڈیوڈ ملان بھی ہیں جبکہ سری لنکا کے تھیسارا پریرا، سرنگا لکمل اور اویشکا فرنانڈو بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔

لنکا پریمیئر لیگ کا آغاز 21 نومبر سے ہوگا جہاں 5 ٹیمیں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) کے عہدیدار پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ لیگ میں شرکت کے لیے بیرون ملک سے آنے والے کھلاڑیوں کا قرنطینہ کا دورانیہ 14 دن سے کم کرکے 7 دن کردیا گیا ہے۔

سری لنکا میں اس وقت مقامی سطح پر کورونا وائرس کے منتقلی کی رپورٹ نہیں ہے لیکن قرنطینہ کی شرط سخت کردی گئی ہے، تاکہ متاثرہ افراد سے وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024