• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

خیبر پختونخوا: نامعلوم مسلح افراد نے 2 نیٹو کنٹینرز کو آگ لگادی

شائع October 16, 2020
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور آگ پر قابو پالیا — فوٹو: سراج الدین
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور آگ پر قابو پالیا — فوٹو: سراج الدین

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں نامعلوم مسلح افراد نے افغانستان میں نیٹو افواج کے لیے سپلائی لے جانے والی گاڑیوں پر حملہ کیا اور فائرنگ کے بعد 2 کنٹینرز کو آگ لگا دی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام موقع پر پہنچ گئے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور آگ پر قابو پالیا۔

خیبر پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ نماز جمعہ کے وقت خیبر کی تحصیل باڑہ فرینٹر روڈ پر عزیز پلازہ کے قریب پیش آیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ چند نامعلوم افراد نے نیٹو کی دو کنٹینرز کو روکا، ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کو باہر نکالا اور پیٹرول چھڑک کر انہیں آگ لگادی جس سے نیٹو کی چار بکتر بند گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) خیبر محمد اقبال نے کہا کہ ابھی حملے کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے، جبکہ مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

خیبر پولیس کے ایک سینئر افسر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ضلع خیبر میں نیٹو کنٹینر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، ڈرائیور زخمی

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) حملے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کرے گا۔

بعد ازاں سی ٹی ڈی پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) کے سیکشن 7 کے تحت درج کر لیا۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی ضلع خیبر میں نیٹو سپلائی کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

جولائی 2019 میں خیبر میں نیٹو کنٹینر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا۔

اس وقت کے ڈی پی او حسین خان نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ واقعہ تختہ بیگ چیک پوسٹ کے قریب پاک-افغان مرکزی بارڈر روڈ پر پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے کنٹینر کو سامنے سے نشانہ بنایا اور وہ پولیس کے پہنچنے سے پہلے جائے وقوع سے پہلے فرار ہوگئے۔

نیٹو سپلائی کی گاڑیاں کراچی سے پشاور اور خیبر سے ہوتی ہوئی پاک ۔ افغان سرحد طورخم پہنچتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024