سام سنگ کا مہنگا ترین فون پاکستان میں پری آرڈر میں دستیاب
سام سنگ نے اپنا نیا فولڈ ایبل اسمارٹ فون گلیکسی زی فولڈ 2 پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کردیا ہے جو کمپنی کا مہنگا ترین فون ہے۔
اس فون کو یکم ستمبر کو متعارف کرایا گیا تھا جبکہ ابتدائی جھلک اگست میں گلیکسی نوٹ 20 سیریز کے ساتھ پیش کی گئی تھی۔
فون کے باہر موجود اسکرین جسے کمپنی نے کور اسکرین کا نام دیا ہے، 4.6 انچ سے بڑھ کر 6.2 انچ کی ہوجاتی ہے جبکہ اندر موجود مین اسکرین کھل کر 7.3 انچ سے بڑھ کر 7.6 انچ کی ہوجاتی ہے۔
مین ڈسپلے میں 120 ریفریش ریٹ دیا گیا ہے جبکہ الٹرا تھن گلاس کو بھی تصویر کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ڈیوائس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
فون کے ہینج کو بھی پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے اور کمپنی نے اسے ہائیڈ اوے ہینج کا نام دیا ہے اور یہ 75 سے 115 ڈگری پر اپنے بل پر کھڑا رہ سکتا ہے۔
جب اس فون کو فلیکس موڈ پر استعمال کیا جاتا ہے تو صارف مخصوص ایپس کو مین اسکرین پر اسپلٹ ویو میں استعمال کرسکتے ہیں۔
ون میں نان اسکرین سائیڈ پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس میں مین کیمرا 12 میگا پکسل اور ڈوئل پکسل آٹوفوکس، آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن اور 1.8um سائز پکسلز کے ساتھ ہے۔
اسی طرح 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا 2 ایکس زوم کے ساتھ ہے جبکہ تیسرا کیمرا 12 میگا پکسل الٹراوائیڈ سنسر ہے۔
فون میں 2 سیلفی کیمرے بھی موجود ہیں جو دونوں 10، دس میگا پکسل کے ہیں، ان میں سے ایک کور اسکرین پر ہے جبکہ دوسرا فولڈنگ مین اسکرین میں موجود ہے۔
گلیکسی زی فولڈ 2 میں اسنیپ ڈراگون 865 پلس پراسیسر ، 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔
4500 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے جبکہ فاسٹ وائرلیس چارجنگ اور وائرلیس پاور شیئر بھی ڈیوائس کا حصہ ہے۔
پاکستان میں یہ فون پری آرڈر میں 3 لاکھ 40 ہزار پاکستانی روپے میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے جس کو بک کرانے پر گلیکسی بڈز لائیو مفت دیا جائے گا۔
تبصرے (1) بند ہیں