• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

سشانت سنگھ کیس میں ریا چکر بورتی کی ضمانت منظور

شائع October 7, 2020
ریا چکر بورتی کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت دی گئی—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
ریا چکر بورتی کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت دی گئی—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

بھارت کے شہر ممبئی کی مقامی عدالت نے رواں برس 14 جون کو خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کیس میں انسداد منشیات فورس نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے 8 ستمبر کو گرفتار کی گئی اداکارہ ریا چکربورتی کی ضمانت منظور کرلی۔

ریا چکر بورتی کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت دی گئی جبکہ ان کے بھائی شووک اور مبینہ ڈرگ ڈیلر کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی۔

نار کوٹکس بیورو نے ریا چکربورتی کو 8 ستمبر کو رواں برس جون میں خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

جیل منتقل کرنے سے قبل ریا چکربورتی کا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا گیا تھا—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
جیل منتقل کرنے سے قبل ریا چکربورتی کا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا گیا تھا—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

ریا چکربورتی کو مسلسل تین دن تک تفتیش کے بعد اس وقت گرفتار کیا گیا جب انہوں نے نارکوٹکس حکام کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ وہ سابق بوائے فرینڈ سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی تھیں۔

مزید پڑھیں: سشانت سنگھ کیس میں اداکارہ ریا چکربورتی گرفتار

ریا چکربورتی سے قبل ہی نارکوٹکس بیورو نے ان کے بھائی شووک چکر بورتی اور سشانت سنگھ راجپوت کے منیجر سیموئل مرنڈا اور باورچی دیپیش ساونت کو بھی گرفتار کیا تھا جب کہ اداکارہ سمیت اب تک مجموعی طور پر 10 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

نارکوٹکس بیورو نے گزشتہ روز ہی عدالت سے ریا چکربورتی کا 14 دن کا عدالتی ریمانڈ حاصل کرلیا تھا تاہم اب انہیں جیل بھیج دیا گیا، عدالت نے ابتدائی طور پر اداکارہ کا 22 ستمبر تک ریمانڈ دیا تھا، جس میں بعدازاں 6 اکتوبر تک اور پھر گزشتہ روز 20 اکتوبر تک توسیع دی گئی تھی۔

ریا چکربورتی کو گرفتار کیے جانے کے بعد ایک رات نارکوٹکس کے دفتر میں ہی رکھا گیا تھا، تاہم بعد ازاں 9 ستمبر کی صبح کو ہی انہیں ممبئی کی بدنام زمانہ بائکُلا جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

جیل میں دو راتیں گزارنے کے بعد ریا چکربورتی کے وکیل نے ممبئی کی خصوصی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، تاہم عدالت نے 11 ستمبر کو ان کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

اداکارہ کو 8 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا—فوٹو: وائرل بھیانی انسٹاگرام،
اداکارہ کو 8 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا—فوٹو: وائرل بھیانی انسٹاگرام،

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بومبے ہائی کورٹ نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے ریا چکر بورتی کے خلاف دائر کیے گئے کیس میں ضمانت منظور کی۔

ممبئی کی ہائی کورٹ نے 29 ستمبر کو تقریباً 7 گھنٹے تک ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلے محفوظ کیے تھے جو آج (7 اکتوبر کو) سنائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ریا چکربورتی کی ضمانت مسترد

جسٹس سارنگ وی کوتوال نے 28 سالہ اداکارہ کی ضمانت کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’ ریا چکربورتی، منشیات ڈیلرز کی چین کا حصہ نہیں‘۔

جسٹس سارنگ وی کوتوال نے کہا کہ انہوں نے خود مبینہ طور پر خریدی جانے والی منشیات مالی یا دیگر کوئی فوائد حاصل کرنے کے لیےکسی کو نہیں دیں۔

جج نے کہا کہ چونکہ ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے تو اس بات پر یقین کرنے کی معقول وجوہات ہیں کہ اداکارہ کی جانب سے ضمانت پر رہتے ہوئے کسی جرم کی مرتکب ہونے کا امکان نہیں۔

جسٹس سارنگ وی کوتوال نے این سی بی کے مؤقف کو مسترد کیا کہ سیلیبریٹیز کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا جانا چاہیے تاکہ نوجوان نسل کے لیے مثال قائم ہو اور ایسے جرائم کے مرتکب ہونے کی حوصلہ افزائی نہ ہو۔

جس پر جج نے کہا کہ میں اس مؤقف سے اتفاق نہیں کرتا، قانون سب کے لیے برابر ہے۔

دوسری جانب اداکارہ کے بھائی شووک کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ درخواست گزار نہ صرف کئی ڈرگ ڈیلرز کو جانتا ہے بلکہ انہیں جانتا بھی تھا اور ان کے ساتھ لین دین بھی کررہا تھا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ اس مرحلے پر تفتیشی ایجنسی کے پاس یہ ظاہر کرنے کے لیے کافی مواد موجود ہے کہ شووک، منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ میں مصروف ڈرگ ڈیلتز کی چین کا حصہ ہے۔

مزید پڑھیں: ریا چکربورتی کو ممبئی کی بائکُلا جیل بھیج دیا گیا

تاہم جب این سی بی نے عدالتی حکم نامے پر ایک ہفتے کا حکم امتناع کی درخواست کی تو عدالت نے اسے مسترد کیا اور کہا کہ ضمانت دینے کے لیے سخت شرائط عائد کی گئی ہیں۔

عدالت نے ریا چکر بورتی کو رہائی کے بعد 10 دن تک قریبی پولیس تھانے میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے ساتھ ہی اداکارہ کو عدالت کی اجازت کے بغیر ملک چھوڑنے سے روک دیا گیا ہے اور انہیں تحقیقاتی ایجنسی میں اپنا پاسپورٹ جمع کروانا ہوگا۔

عدالت نے ریا چکر بورتی کو یہ حکم بھی دیا ہے کہ اگر انہیں ممبئی سے باہر جانا ہے تو بھی اداکارہ کو تفتیشی افسر کو آگاہ کرنا ہوگا۔

علاوہ ازیں عدالت نے سشانت سنگھ کے منیجر سیموئل مرنڈا اور باورچی دیپیش ساونت کی بھی ضمانت منظور کی اور انہیں 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا گیا

سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کرلی تھی اور ابتدائی تین دن میں ہی ان کی ابتدائی پوسٹ مارٹم جاری کی گئی تھی، جس میں ان کے قتل کے خدشات کو مسترد کیا گیا تھا۔

بعد ازاں ان کی تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ بظاہر اداکار نے پھندا لگا کر خودکشی کی اور ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی جب کہ ان کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں ملے۔

اگرچہ زیادہ تر ماہرین اور سیکیورٹی عہدیدار اس بات پر متفق ہیں کہ سشانت سنگھ نے بظاہر خودکشی کی، تاہم اداکار کے مداح اور ان کے قریبی رشتہ و اہل خانہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں پریشان کرکے خودکشی پر مجبور کیا گیا۔

سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی میں کب، کیا ہوا، مکمل تفصیلات جاننے کے لیے درج ذیل لنک پر کلک کریں۔

سشانت سنگھ کیس پر مختصر نظر - کب، کیا ہوا؟

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024