• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نیپال میں پاکستانی سفارتخانے کا عملہ کورونا وائرس سے متاثر

شائع October 6, 2020
نیپال میں کورونا وائرس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
نیپال میں کورونا وائرس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

اسلام آباد: نیپال میں کووڈ 19 کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے باعث وہاں موجود پاکستان کے سفیر، ان کی اہلیہ اور سفارتی عملے کے درجنوں اراکین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کھٹمنڈو میں پاکستانی سفارتخانے میں موجود ایک باخبر ذرائع نے بتایا کہ سفارتخانے کے عملے میں سے ایک فرد کھٹمنڈو میں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں تھا۔

ادھر ڈان کی جانب سے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ سے متعدد مرتبہ فون پر رابطے کی کوشش کی تاہم وہ اس معاملے پر رائے دینے کے لیے دستیاب نہ تھے۔

مزید پڑھیں: کیا عام نزلہ زکام کووڈ 19 سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے؟

تاہم دفتر خارجہ کے ایک اور عہدیدار نے کہا کہ نیپال میں پاکستانی سفارتخانے کے صرف چار اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جس میں سے ایک پہلے ہی صحتیاب ہوگیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وائرس سے متاثر دیگر عملے کو بہترین طبی سہولت اور علاج مہیا کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مئی کے آخر تک نیپال جنوبی ایشیا کا ایک ایسا خطہ تھا جہاں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد کم تھی اور اس میں اضافہ بھی سست روی سے ہورہا تھا، ملک میں 24 مارچ سے نسبتاً سخت لاک ڈاؤن کیا گیا اور 28 مئی تک کیسز کی تعداد ایک ہزار سے کم تھی۔

تاہم اس کے بعد کئی مقامات پر کیسز میں اضافہ تب دیکھا گیا جب یکم جون کو نئی دہلی نے داخلی سفری پابندیوں کو نرم کیا اور ہزاروں تارکین وطن ورکرز نے بھارت سے واپس گھروں کو لوٹنا شروع کیا اور نیپال 15 جون سے مرحلہ وار دوبارہ کھلنا شروع ہوگیا۔

علاوہ ازیں 22 جولائی کو نیپال کی حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر تقریباً 4 ماہ کے لاک ڈاؤن کو ختم کرنے اور تقریباً تمام معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے کی اجازت دینے کے بعد کیسز میں مزید اضافہ شروع ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی 10 فیصد آبادی ممکنہ طور پر کورونا سے متاثر ہوچکی، ڈبلیو ایچ او

خیال رہے کہ دنیا بھر کا نقشہ تبدیل کرکے رکھ دینے والے مہلک نوول کورونا وائرس کا آغاز دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے ہوا تھا۔

جس کے بعد یہ پوری دنیا میں پھیل گیا اور اب تک 3 کروڑ سے زیادہ لوگ متاثر اور 10 لاکھ سے زیادہ کا انتقال ہوا ہے۔

اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر امریکا ہے جہاں کیسز کی تعداد 74 لاکھ سے زائد ہے جبکہ دوسرے نمبر پر بھارت ہے جہاں 66 لاکھ سے زیادہ لوگ وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ وہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024