• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بولی وڈ سپر اسٹار کا فلمی صنعت میں منشیات کے مسئلے کا اعتراف

شائع October 4, 2020
اکشے کمار نے ایک ٹوئٹر پیغام میں یہ سب کہا — اے ایف پی فائل فوٹو
اکشے کمار نے ایک ٹوئٹر پیغام میں یہ سب کہا — اے ایف پی فائل فوٹو

بھارت کی انسداد منشیات فورس نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق تحقیقات میں گرفتار کی جانے والی اداکارہ ریا چکربورتی کے انکشافات اور اعتراف کے بعد دپیکا پڈوکون، سارہ علی خان اور شردھا کپور این سی بی میں پیش ہوئیں اور اپنے بیانات ریکارڈ کروائے۔

درحقیقت بولی وڈ سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کا نام اس حوالے سے لیا جارہا ہے، جس کا فیصلہ تو تحقیقات کے بعد ہی ہوگا۔

مزید پڑھیں : ‘سشانت سنگھ کو قتل نہیں کیا گیا، یہ خودکشی کا کیس ہے’

مگر اب پہلی بار بولی وڈ کے چند بڑے سپراسٹارز میں سے ایک اکشے کمار نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت اور فلمی صنعت میں منشیات کے حوالے سے کئی ماہ بعد اپنی خاموشی کو توڑا ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ بولی وڈ میں منشیات کے استعمال کا مسئلہ موجود ہے تاہم ہر ایک اس کا حصہ نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں اکشے کمار نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے مداحوں سے درخواست کی کہ بولی وڈ کے ہر فرد کو برا مست سمجھیں۔

انہوں نے کہا 'اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر میں کیسے یہ جھوٹ بول سکتا ہوں کہ منشیات کا مسئلہ ہماری صنعت میں موجود نہیں'۔

انہوں نے کہا 'یہ ہمارے پیشے میں اسی طرح موجود ہے جس طرح پر شعبے میں، مگر یہ کہنا ہے کہ ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے ہر فرد ان مسائل کا حصہ ہے، وہ غلط ہے'۔

اکشے کمار کا کہنا تھا 'سشانت سنگھ راجپوت کی اچانک موت کے بعد متعدد ایسے مسائل ابھر کر سامنے آئے، جو ہم کو اسی طرح تکلیف پہنچا رہے ہیں، جیسے آپ کو۔ ان مسائل نے ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنے پر مجبور کردیا ہے، ہماری فلمی صنعت کی ایسی خامیوں کو دیکھنے پر مجبور کیا جن پر دھیان جانا بہت زیادہ ضروری ہے'۔

انہوں نے مزید کہا 'منشیات ایک قانونی مسئلہ ہے اور مجھے بالکل یقین ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدالتوں کی جانب سے جو اقدامات کیے جارہے ہیں، وہ درست ہیں، میں یہ بھی جانتا ہوں کہ فلمی صنعت کا ہر فرد تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گا، مگر میں ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں کہ پوری صنعت کو اس کا حصہ مت سمجھیں، یہ درست نہیں'۔

سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کرلی تھی اور ابتدائی تین دن میں ہی ان کی ابتدائی پوسٹ مارٹم جاری کی گئی تھی، جس میں ان کے قتل کے خدشات کو مسترد کیا گیا تھا۔

بعد ازاں ان کی تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ بظاہر اداکار نے پھندا لگا کر خودکشی کی اور ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی جب کہ ان کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں ملے۔

اگرچہ زیادہ تر ماہرین اور سیکیورٹی عہدیدار اس بات پر متفق ہیں کہ سشانت سنگھ نے بظاہر خودکشی کی، تاہم اداکار کے مداح اور ان کے قریبی رشتہ و اہل خانہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں پریشان کرکے خودکشی پر مجبور کیا گیا۔

اس حوالے سے 8 ستمبر کو ریا چکربورتی کو سشانت سنگھ راجپوت کے لیے منشیات کا بندوبست کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

نارکوٹکس بیورو نے ریا چکربوتی کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت سے ان کا ریمانڈ بھی حاصل کیا تھا اور ان کے ریمانڈ میں 6 اکتوبر تک توسیع کی جاچکی ہے۔

سشانت سنگھ کیس پر مختصر نظر - کب، کیا ہوا؟

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024