• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ستمبر میں ملکی برآمدات 6 فیصد بڑھ گئیں

شائع October 3, 2020
مئی کے بعد سے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبوں میں بین الاقوامی خریداروں کے برآمدی آرڈروں میں واضح بہتری دیکھی گئی ہے۔ فائل فوٹو:رائٹرز
مئی کے بعد سے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبوں میں بین الاقوامی خریداروں کے برآمدی آرڈروں میں واضح بہتری دیکھی گئی ہے۔ فائل فوٹو:رائٹرز

اسلام آباد: وزارت تجارت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست میں تیزی سے کمی کے بعد ستمبر میں پاکستان کی برآمدات میں دوبارہ اضافہ دیکھا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نئے مالی سال کا آغاز ایک مثبت رجحان کے ساتھ ہوا اور جولائی میں برآمدات میں 5.8 فیصد اضافہ ہوا تھا تاہم اگست میں اس میں 19 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی تھی۔

اس سے قبل رواں سال مارچ کے بعد سے برآمدات میں زبردست کمی دیکھنے میں آئی تھی جس کی وجہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کا نفاذ تھا۔

مزید پڑھیں: برآمدات بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں، وزارت تجارت

مالی سال 2021 کے تیسرے مہینے کے دوران برآمدات ایک ارب 87 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران یہ ایک ارب 76 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھی جو 5.8 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

روپے کے لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو ستمبر میں گزشتہ سال کے ستمبر کے مقابلے میں برآمدات کی آمدنی میں 12.7 فیصد اضافہ ہوا۔

جولائی اور ستمبر کے درمیان برآمدات ایک فیصد کی کمی کے بعد 5 ارب 45 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہوگئی جو گزشتہ سال کے ان ہی مہینوں میں 5 ارب 51 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھیں۔

مالی سال 2020 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات 6.83 فیصد یا ایک ارب 57 کروڑ ڈالر کم ہوگئیں جو گزشتہ سال 22 ارب 97 کروڑ ڈالر تھیں اور مالی سال 20میں 21 ارب 40 کروڑ ڈالر رہیں۔

مئی کے بعد سے بنیادی طور پر ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبوں میں بین الاقوامی خریداروں کے برآمدی آرڈروں میں واضح بہتری دیکھی گئی۔

حکومت نے سرجیکل ماسک سمیت ذاتی حفاظت کے سامان کی برآمدات کی بھی اجازت دی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو مغربی ممالک میں کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کے باعث بین الاقوامی منڈیوں سے آرڈر مل رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اگست کے مہینے میں برآمدات میں 20 فیصد کمی

ادھر وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ اگست میں ہونے والی 15 فیصد کی کمی سے زیادہ بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے اب بھی محسوس ہوتا ہے کہ کافی تعداد میں آرڈرز کے ساتھ ہم بہت بہتر کام کرسکتے ہیں‘۔

موجودہ آرڈرز کو پورا کرنے کے علاوہ انہوں نے برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ موجودہ مارکیٹوں سے مزید آرڈرز حاصل کریں اور دیگر منڈیوں کو بھی دیکھیں۔

ان کا کہا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ اکتوبر 2020 میں ہماری مزید ترقی ہوگی‘۔

دریں اثنا درآمدات میں ستمبر میں 2.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال کے 3 ارب 78 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 3 ارب 88 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی۔

مالی سال 2020 کے دوران مجموعی طور پر درآمدی بل میں 2.99 فیصد کی کمی دیکھی گئی جو 10 ارب 88 کروڑ 20 لاکھ رہا جو اس سے گزشتہ سال 11 ارب 21 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024