• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 609 افراد متاثر، 558 صحتیاب

شائع October 2, 2020 اپ ڈیٹ October 3, 2020
آج پاکستان میں 558 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے—فائل فوٹو: اے ایف پی
آج پاکستان میں 558 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا کے ترقی یافتہ اور طاقتور ترین ممالک کو جھنجھوڑ کر رکھ دینے والی عالمی وبا کورونا وائرس کے جلد ختم ہونے کا امکان نظر نہیں آرہا اور پاکستان میں بھی اس کے پھیلاؤ میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے۔

پاکستان میں آج 2 اکتوبر کی شام تک مزید 609 افراد میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کی تصدیق ہوئی اور 7 مریض انتقال کر گئے جبکہ 558 افراد صحتیاب ہوگئے۔

آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں بلوچستان کے گزشتہ روز سامنے آنے والے 21 کیس بھی شامل ہیں جن کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 302 ہوگئی ہے۔

مجموعی طور پر ملک میں 3 لاکھ 13 ہزار 810 افراد وائرس سے متاثر، 2 لاکھ 98 ہزار 55 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 504 انتقال کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے اب تک اس وائرس کو 7 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ کے دوران یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد تک جا پہنچی تھیں۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن نظر آئی اور کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

گزشتہ ماہ میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا تھا تاہم ستمبر کے اواخر سے کیسز کی تعداد میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آج 2 اکتوبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں کورونا کے 316 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 783 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ وائرس سے مزید 5 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 2517 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سندھ میں 12 ہزار 990 ٹیسٹ کیے گئے۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 126 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 مریض انتقال کر گئے۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کے لیے قائم کردہ سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 126 نئے کیسز نے پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد کو 99 ہزار 605 تک پہنچا دیا۔

مزید 2 مریضوں کے وفات پا جانے سے پنجاب میں وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 237 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 39 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 16 ہزار 650 ہوگئے ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد 182 ہے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے وبا کے مزید 63 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 908 ہوگئی۔

صوبے میں جمعہ کو بھی وبا سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 1260 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک میں کورونا وائرس سے کم متاثرہ حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 21 افراد وائرس کا شکار بنے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 21 نئے کیسز کے بعد وہاں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 808 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 88 ہے۔

آزاد کشمیر

وبا سے ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 23 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

کووِڈ 19 پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق 23 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 2 ہزار 754 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 74 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں روز بروز صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 558 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 280 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 55 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 313810

اموات: 6504

صحتیاب: 298055

فعال کیسز: 9251

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 783 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد99 ہزار 605 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 908 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 302 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 650، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 808 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 754 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2517

پنجاب: 2237

خیبرپختونخوا: 1260

بلوچستان: 146

اسلام آباد: 182

گلگت بلتستان: 88

آزاد کشمیر: 74

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024