• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

عمران خان کا ماضی سے نکل کر پاک افغان تعلقات کو بہتر بنانے پر زور

شائع October 1, 2020
ماضی سیکھنے کیلئے ایک انمول استاد ہے مگر اس میں زندہ رہنا ممکن نہیں، وزیر اعظم کی اعلیٰ افغان امن عہدیدار سے ملاقات کے بعد ٹویٹ فائل فوٹو:ٹوئٹر
ماضی سیکھنے کیلئے ایک انمول استاد ہے مگر اس میں زندہ رہنا ممکن نہیں، وزیر اعظم کی اعلیٰ افغان امن عہدیدار سے ملاقات کے بعد ٹویٹ فائل فوٹو:ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان کی اعلیٰ کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ سے ملاقات کے دوران ماضی میں پھنسے رہنے کے بجائے پاک افغان تعلقات کو بہتر بنانے پر زور دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اعلی افغان امن عہدیدار کی تین روزہ دورے کے بعد اسلام آباد سے روانگی سے کچھ دیر قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عبد اللہ عبداللہ سے ان کی ملاقات خوش گوار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نہایت دلچسپ گفتگو کا خلاصہ یہ تھا کہ ماضی سیکھنے کے لیے تو ایک انمول استاد ہے مگر اس میں زندہ رہنا ممکن نہیں ہے، ہمیں بہرحال مستقبل پر نگاہ رکھنا ہو گی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا افغانستان کی تعمیرنو کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے عبداﷲ عبداﷲ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں۔

واضح رہے کہ عمران خان اور عبداللہ عبداللہ نے منگل کو ملاقات کی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ اس دورے سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن کی کوششوں پر رابطوں کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔

افغان عہدیدار کے دورے کے دوران دونوں فریقین نے ماضی سے آگے بڑھنے اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، افغانستان کا سرپرست نہیں دوست بننا چاہتا ہے، وزیر خارجہ

عبداللہ عبداللہ سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ گول میز مباحثے میں بھی شریک ہوئے تھے جہاں انہوں نے کہا تھا کہ 'میں اچھے تاثرات اور بہت سارے دوستانہ پیغامات کے ساتھ اسلام آباد سے جارہا ہوں’۔

اپنے دورے کے آخری دن، ڈاکٹر عبد اللہ نے صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔

عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ’میں نے پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے دوستانہ اور تعمیری ملاقات کی، ہم نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’صدر عارف علوی نے امن کی کوششوں اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا‘۔

توقع ہے کہ وزیر اعظم خان بھی جلد افغانستان کا دورہ کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024