محض 4 ماہ میں پانچویں بھارتی اداکار کی خودکشی
دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کا درجہ رکھنے والے بھارت میں جہاں ہر روز اسکرین پر نئے اور خوبصورت چہرے کیریئر کا آغاز کرتے ہیں۔
وہیں بھارت کی شوبز و ٹی وی انڈسٹری میں دیگر ممالک کے مقابلے اداکاروں کی جانب سے خودکشی کرنے کا رجحان بھی زیادہ پایا جاتا ہے۔
بھارت میں ٹی وی اور شوبز سے وابستہ افراد میں خودکشی کے بڑھتے رجحان کا اندازہ 16 ہفتوں میں 5 اداکاروں کی خودکشی سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔
اس وقت جہاں بھارت میں سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی تاحال بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے، وہیں اب خبر سامنے آئی ہے کہ بھارت کے ایک اور ابھرتے ہوئے اداکار نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی
بھارتی خبر رساں ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) کے مطابق ٹی وی کے ابھرتے ہوئے اداکار 26 سالہ اکشت اتکرش نے ممبئی میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اداکار نے ممبئی کے پوش علاقے آندھرا میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کی۔
پولیس کے مطابق اداکار کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کرکے معاملے کی تفتیش شروع کردی گئی۔
دوسری جانب ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اکشت اتکرش کی موت ان کی خاتون دوست کی رہائش گاہ پر ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اکشت اتکرش کی خاتون دوست نے پولیس کو بتایا کہ اداکار نے خودکشی سے قبل رات کو ان سے معمول کے مطابق گفتگو کی اور ان کی باتوں سے ایسا محسوس نہیں ہو رہا تھا کہ وہ پریشان ہیں۔
خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ جب واش روم استعمال کرنے کے بعد اکشت اتکرش کے کمرے میں گئیں تو انہیں مردہ حالت میں دیکھ کر حیران رہ گئیں اور انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
مزید پڑھیں: آٹھ ہفتوں میں تیسرے بھارتی اداکار کی خودکشی
ممبئی کے تھانے امبالی کی پولیس نے بھی اکشت اتکرش کی موت کی تصدیق کرتےہوئے بتایا کہ انہوں نے اداکار کی موت کا حادثاتی موت کا مقدمہ دائر کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق اداکار کی لاش سے اجزا لے کر تفتیش کے لیے بھجوا دیا گیا اور لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
دوسری جانب اداکار کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ اکشت اتکرش کو قتل کیا گیا ہے اور ممبئی پولیس ان کے احتجاج کے باوجود معاملے پر مکمل توجہ نہیں دے رہی۔
اکشت اتکرش کا تعلق بھی ریاست بہار کے ضلع مظفرپور سے تھا اور ان کی لاش کو آبائی گاؤں لے جایا گیا۔
اکشت اتکرش کی خودکشی بھارت میں گزشتہ 16 ہفتوں میں پانچویں خودکشی ہے، ان سے قبل رواں ماہ 9 ستمبر کو معروف تامل اداکارہ 26 سالہ شراونی کونڈاپلی نے جنسی ہراساں کیے جانے پر خودکشی کرلی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ نے جنسی ہراساں کیے جانے پر خودکشی کرلی
شراونی کونڈاپلی سے قبل 7 اگست کو بھوجپوری فلموں کی مقبول اداکارہ 40 سالہ انوپما پھاٹک نے بھی خودکشی کی تھی۔
بھوجپوری اداکارہ سے ایک دن قبل ہی ’کہانی گھر گھر کی، یہ رشتے ہیں پیار کے اور اس پیار کو کیا نام دوں‘ جیسے مقبول بھارتی ڈراموں میں کام کرنے والے 44 سالہ اداکار سمیر شرما نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔
سمیر شرما سے قبل بولی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے بھی 14 جون کو خودکشی کی تھی۔
بھارت میں اس سے قبل بھی متعدد اداکار، گلوکار اور فیشن سے وابستہ افراد بھی خودکشیاں کر چکے ہیں۔