صدر، وزیراعظم کا 'اخبار ریڈرشپ ڈے' منانے کا خیر مقدم
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے آج آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کی جانب سے قومی اخبارات کے 'ریڈرشپ ڈے' منانے کا خیر مقدم کیا اور اس طرح اس اقدام کی حمایت کی جس سے معاشرے میں پڑھنے کی عادات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اپنے پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی نے اس اقدام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ 'الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی کے باوجود اخبارات اب بھی لوگوں کو مختلف معاشی اور معاشرتی امور کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور آگاہ کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں'۔
مزید پڑھیں: آزادی صحافت کی فہرست میں پاکستان 3 درجے تنزلی کے ساتھ 145 ویں نمبر پر
انہوں نے کہا کہ اخبارات کو جعلی خبروں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس وقت دنیا کو جعلی خبروں کے چیلنج کا سامنا ہے اور اخبارات کو ذمہ دار، غیر جانبدارانہ، سچائی اور مستند صحافت کو فروغ دے کر اس رجحان کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے'۔
صدر نے شہریوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود کو سیاست، معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں خصوصاً مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور ڈیٹا کے شعبوں میں تازہ ترین پیشرفت کا علم رکھنے کے لیے پڑھنے کی عادت پیدا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں صحافیوں کے خلاف پُر تشدد واقعات میں اضافہ ہوا، یونیسکو
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 'اخبار سب کے لیے معلومات کا ایک اہم وسیلہ ہے، جدید میڈیا کے موجودہ دور میں اخباری صنعت کو متعدد چیلنجز کے باوجود پرنٹ میڈیا کی اہمیت برقرار ہے، خاص طور پر جعلی خبروں اور غلط معلومات کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'مجھے پختہ یقین ہے کہ آزاد پریس ایک باخبر، خود انحصاری اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تعمیر کے لیے نہایت اہم ہے جو جمہوری حکومت میں اپنے آزادانہ کام کرتا ہے'۔