• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شمالی وزیرستان آپریشن: فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

شائع September 20, 2020
پاک فوج کے شہید حوالدار اور سپاہی—فوٹو: آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شہید حوالدار اور سپاہی—فوٹو: آئی ایس پی آر

صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں شر پسند عناصر کے خلاف جاری آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اسپیل جا گاؤں کے قریب خفیہ اطلاع پر کیے جانے والے آپریشن کے دوران 2 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ نامعلوم حملہ آوروں نے حوالدار تاج بار علی اور سپاہی عبدالرشید پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ ایک چیک پوسٹ کی طرف جارہے تھے۔

38 سالہ حوالدار تاج بار کا تعلق سوات سے تھا جبکہ 22 سالہ سپاہی عبدالرشید پاراچنار کا رہائشی تھا۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے کے قریب دھماکا، افسر سمیت 3 جوان شہید

اس حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ادھر پولیس کے مطابق میرعلی سب ڈویژن کے علاقے شیرا تالا میں 2 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس کی جانب سے ان افراد کی شناخت حمید اور نصراللہ کے نام سے کی گئی، حمید کا تعلق دوس علی جبکہ نصراللہ کا تعلق قوتاب خیل سے تھا۔

ان کے خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے ان دونوں کو ایک ہفتے قبل اغوا کیا تھا، بعد ازاں مقامی لوگوں کو ان کی لاشیں ملیں جنہوں نے پولیس کو آگاہ کیا، جس کے بعد لاشوں کو میرعلی میں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال لایا گیا جہاں ان کی شناخت ہوئی۔

خیال رہے کہ عسکریت پسندوں نے گزشتہ کچھ مہینوں سے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں پر حملے کیے جارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق مارچ سے اب تک افسران سمیت 40 اہلکار شہید ہوئے ہیں جبکہ 109 افراد کو موت کی نیند سلایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 12 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کا 33 سالہ سپاہی ساجد شہید ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: ریموٹ کنٹرول دھماکے میں فوجی اہلکار شہید

اس سے قبل 4 ستمبر کو بھی شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے قافلے کے قریب آئی ای ڈی دھماکے میں ایک افسر سمیت 3 اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

دھماکے میں 23 سالہ لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد، 33 سالہ نائیک محمد عمران اور 30 سالہ سپاہی عثمان اختر نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

قبل ازیں 31 اگست کو جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024