• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اے پی سی میں نواز شریف کا خطاب نشر ہوا تو قانونی آپشنز استعمال کریں گے، شہباز گل

شائع September 19, 2020
شہباز گل کا  کہنا تھا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
شہباز گل کا کہنا تھا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ 'اگر مفرور مجرم نواز شریف نے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب کیا اور وہ نشر ہوا تو پیمرا سمیت دیگر قانونی آپشنز استعمال کیے جائیں گے'۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ 'یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی سرگرمیاں کرے اور بھاشن دے'۔

شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ 'شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کی نواز شریف کو اپوزیشن کی اے پی سی میں ورچوئل شرکت کی دعوت

شہباز گل کے بیان کے بعد مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایک ٹوئٹ کے جواب میں تصدیق کی کہ اے پی سی سے نواز شریف کا خطاب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لائیو نشر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف 4 ہفتوں کی ضمانت ملنے پر علاج کے لیے لندن گئے تھے اور تاحال وہیں مقیم ہیں، ان کے خلاف عدالت میں کئی مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں سے ایک میں ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے جو لندن ہائی کمیشن کو موصول ہوچکے ہیں۔

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس

واضح رہے اپوزیشن جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) آئندہ روز اتوار کو اسلام آباد میں ہوگی جس کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کررہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اے پی سی کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں جو اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کی جائے گی جس میں بحث کے لیے 2 نکاتی ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے.

مزید پڑھیں:'اے پی سی ہوئی تو 30 دسمبر سے قبل ن لیگ سے ش لیگ الگ ہوجائے گی'

میٖڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت نامے ارسال کیے جاچکے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں نے اپنے وفود کے ارکین کے نام اور نمبر فراہم کردیے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پی پی پی نے کانفرنس کا ایجنڈا اور تیار کرلیا ہے اور حکومت کی 2 سالہ کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی اس ایجنڈے میں شامل ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو اپوزیشن کثیر الجماعتی کانفرنس میں ورچوئل شرکت کی دعوت دی تھی۔

اے پی سی کیلئے مسلم لیگ (ن) کے وفد کا اعلان

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس کل جماعتی کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کا 11 رکنی وفد شرکت کرے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے وفد میں پارٹی صدر شہباز شریف کے علاوہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ آصف، مریم نواز، ایاز صادق، پرویز رشید، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ، امیر مقام اور مریم اورنگزیب شامل ہیں۔

کانفرنس میں مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے علاوہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے وفود بھی شرکت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024