سی پیک بلوچستان کیلئے امن و خوشحالی لائے گا، وفاقی وزیر
کوئٹہ: وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی قسمت تبدیل کردے گا۔
تربت کے دورے کے موقع پر وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اپنی تکمیل کے بعد سی پیک بلوچستان کیلئے امن و خوشحالی لائے گا۔
واضح رہے کہ اسد عمر 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے تھے تاہم وہ جنوبی بلوچستان کے لیے ترقیاتی پیکج پر متعلقہ حکام سے مشاورت کے لیے وہاں رک گئے تھے۔
مزید پڑھیں: سی پیک بلوچستان کی خوشحالی کا منصوبہ ہے: آرمی چیف
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے جنوبی بلوچستان کے لیے خصوصی پیکج کے اعلان کا اشارہ بھی دیا تھا۔
سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ پیکج تقریباً 150 ارب روپے کا ہوگا اور سابق وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے بھی اس میں شامل ہوں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ڈان کو بتایا کہ 'اسد عمر خصوصی پیکج پر متعلقہ حکام اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے لیے مکران ڈویژن کا دورہ کر رہے ہیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر بندرگاہ والے شہر گوادر اور مکران ڈویژن کے دیگر علاقوں کا بھی دورہ کریں گے۔
ادھر ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اگلے ماہ گوادر کے دورے کا امکان ہے جہاں وہ جنوبی بلوچستان کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔
وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی بلوچستان کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا لیکن موجودہ حکومت نہ صرف جنوبی بلوچستان بلکہ صوبے کے دیگر علاقوں کی ترقی کے لیے تمام اقدامات اٹھا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سی پیک دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کا اہم منصوبہ ہے، چینی صدر
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت مکران کے لوگوں کے مسائل کو حل کرے گی اور انہیں ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گی، مزید یہ کہ بلوچستان حکومت صوبے کے جنوبی اضلاع کی مربوط اور دیرپا ترقی کے لیے ایک جامع پلان پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی وجہ سے نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے جنوبی اضلاع تاحال پیچھے ہیں لیکن ہماری حکومت ان کی قسمت بدلنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
یہ خبر 15 ستمبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی