• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارتی اداکار آفتاب شیوداسانی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

شائع September 11, 2020
اداکار نے سوشل میڈیا پر جاری ایک طویل پوسٹ میں عالمی وبا کا شکار ہونے کا اعلان کیا — فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکار نے سوشل میڈیا پر جاری ایک طویل پوسٹ میں عالمی وبا کا شکار ہونے کا اعلان کیا — فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکار آفتاب شیوداسانی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکار نے سوشل میڈیا پر جاری ایک طویل پوسٹ میں عالمی وبا کا شکار ہونے کا اعلان کیا۔

آفتاب شیو داسانی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ امید ہے آپ سب ٹھیک ہوں گے اور اپنا خیال رکھ رہے ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ارجن کپور کے بعد ملائیکا اروڑا بھی کورونا کا شکار

انہوں نے بتایا کہ حال میں ان میں کورونا وائرس کی کچھ علامات جیسا کہ خشک کھانسی اور ہلکا بخار ہوا تھا جس کے باعث اداکار نے اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا۔

اداکار کے مطابق بدقسمتی سے ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے، ڈاکٹرز اور حکام کی طبی نگرانی کے تحت انہیں گھر میں قرنطینہ کی ہدایت کی گئی۔

آفتاب شیوداسانی نے مزید لکھا کہ میں درخواست کرتا ہوں کہ جن افراد نے حال ہی میں مجھ سے ملاقات کی وہ اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروالیں اور محفوظ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ مداحوں کی دعاؤں اور نیک خواہشات سے وہ جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار ارجن کپور بھی کورونا کا شکار

خیال رہے کہ بھارت اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، 11 ستمبر کی رات تک بھارت میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 45 لاکھ 62 ہزار سے زائد جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 76 ہزار سے تجاوز کرچکی تھیں۔

بھارت میں 6 ستمبر کو ریکارڈ 90 ہزار نئے کیسز سامنے آنے کے بعد وہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 41 لاکھ سے زائد ہوگئی تھی، جس کے بعد بھارت نے کیسز کے حوالے سے برازیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

چند روز قبل بولی وڈ اداکار 35 سالہ ارجن کپور میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے ایک روز بعد اداکارہ ملائیکا اروڑا میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ متعدد بولی وڈ شخصیات کورونا میں مبتلا ہوچکی تھیں تاہم تمام ہی شخصیات ایک سے ڈیڑھ ماہ کے دوران صحت یاب ہو گئیں۔

عالمی وبا سے متاثر ہونے والی بولی وڈ شخصیات میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے، جینیلیا ڈی سوزا اور کرن کمار سمیت دیگر شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024