• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نعمان نے بیوی سے ’بے وفائی‘ کا مذاق کیا، لوگوں نے سچ سمجھا، عتیقہ اوڈھو

شائع September 10, 2020
نعمان اعجاز ماضی میں عتیقہ اوڈھو سمیت صبا حمید کے ساتھ بھی کام کر چکےہیں—فائل فوٹو: فیس بک
نعمان اعجاز ماضی میں عتیقہ اوڈھو سمیت صبا حمید کے ساتھ بھی کام کر چکےہیں—فائل فوٹو: فیس بک

دو روز قبل سوشل میڈیا پر اداکار نعمان اعجاز کی ایک پرانے ویڈیو کی کلپ وائرل ہوئی تھی جس میں وہ عفت عمر کے ساتھ شادی شدہ ہونے کے باوجود دوسری خواتین سے عشق کرنے کی باتیں کرتے دکھائی دیے تھے۔

نعمان اعجاز کی جو ویڈیو کلپ وائرل ہوئی تھی وہ دراصل اگست 2019 کے ایک انٹرویو کی تھی۔

نعمان اعجاز کی مذکورہ ویڈیو کلپ ان کی جانب سے اداکارہ عفت عمر کو 12 سے 16 اگست 2019 کے درمیان دیے گئے ایک انٹرویو سے لی گئی۔

نعمان اعجاز کا مذکورہ انٹرویو عفت عمر نے دو قسطوں پر یوٹیوب پر نشر کیا تھا، انٹرویو کی پہلی قسط 12 اگست جب کہ دوسری قسط 16 اگست کو نشر کی گئی تھی۔

نعمان اعجاز کی ویڈیو کلپ ان کے انٹرویو کی دوسری قسط سے لی گئی، دوسری قسط کے وسط میں نعمان اعجاز ایک سوال کے جواب میں شادی شدہ ہونے کے باوجود دوسری خواتین سے محبت کی بات کرتے ہیں۔

تقریبا 27 منٹ دورانیے کی دوسری قسط کے 16میں منٹ میں میزبان عفت عمر نعمان اعجاز سے سوال کرتی ہیں کہ انہوں نے کبھی ایک دن کی محبت کی؟

یہ بھی پڑھیں: نعمان اعجاز کے پرانے انٹرویو سے ٹوئٹر پر ’می ٹو‘ ٹرینڈ ٹاپ پر کیوں آیا؟

جس پر نعمان اعجاز کچھ سوچنے کے بعد بولتے ہیں کہ انہیں ہر لمحے بلکہ ہر روز محبت ہوتی ہے اور وہ بے حد محبت کرنے والے آدمی ہیں۔

نعمان اعجاز سوال کے جواب میں مزید بتاتے ہیں کہ اگر کوئی بھی خوبصورت خاتون ہیں، چاہے اندر سے یا باہر سے یا پھر کوئی مشکل خاتون ہو، انہیں محبت ہوجاتی ہے۔

نعمان اعجاز کے جواب میں عفت عمر پھر سوال کرتی ہیں کہ ایسی صورت میں پھر وہ عشق کرلیتے ہیں؟ جس پر نعمان اعجاز جواب دیتے ہیں کہ ’ہاں وہ عشق کرلیتے ہیں‘۔

نعمان اعجاز کے اعتراف کے بعد عفت عمر ان سے مزید سوال کرتی ہیں کہ ’پھر بیگم صاحبہ‘؟ جس پر اداکار بے جھجھک اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے بیگم صاحبہ کو کبھی اس بات کا پتا ہی نہیں چلنے دیا۔

اداکار مزید بولتے ہیں کہ وہ انتہائی اچھے اداکار اور ہوشیار مرد ہیں، جس وجہ ان کی بیگم کو کچھ پتا نہیں چلتا۔

نعمان اعجاز کے اسی جواب پر عفت عمر ان سے مزید سوال کرتی ہیں تو پھر ایسے میں جن سے وہ عشق کرتے ہیں تو ان کو پتا چلتا ہے؟ جس پر اداکار بولتے ہیں کہ ان کے شوہروں کو بھی پتا نہیں چلتا۔

اس پر ایک بار پھر عفت عمر ان سے پوچھتی ہیں کہ ان خواتین کو خود کو پتا چلتا ہے؟ جس پر نعمان اعجاز جواب دیتے ہیں کہ انہیں بلکل پتا چلتا ہے اور ہم مل کر اس معاملے کا دفاع کرتے ہیں۔

اداکار کے جواب پر میزبان عفت ہنس پڑتی ہیں اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ ان سے آج نئی باتیں سیکھ رہی ہیں۔

اسی معاملے کے آخر میں نعمان اعجاز ہنس کر بات کرتے ہیں کہ ایسا نہ ہو کہ اس پروگرام کے بعد ان کا ہتھیار ان کے خلاف ہی استعمال کیا جائے۔

نعمان اعجاز کی یہی کلپ 8 ستمبر کو سوشل میڈیا پر خوب شیئر ہوئی اور ٹوئٹر پر 'می ٹو' کا ٹرینڈ بھی ٹاپ پر آگیا اور کئی افراد نے نعمان اعجاز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ساتھ ہی عفت عمر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ انہوں نے نعمان اعجاز کو ایسی باتیں کرنے پر تنقید کا نشانہ کیوں نہیں بنایا؟

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہونے والی تنقید پر اگرچہ تاحال نعمان اعجاز نے خود کوئی ردعمل نہیں دیا، تاہم ان کی ساتھی اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے دعویٰ کیا ہے کہ نعمان اعجاز نے جو بات کی وہ مذاق میں کی تھی۔

ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد عفت عمر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا—فوٹو: عفت عمر انسٹاگرام
ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد عفت عمر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا—فوٹو: عفت عمر انسٹاگرام

عتیقہ اوڈھو نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں نعمان اعجاز کو اپنا بہترین دوست قرار دیا اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں یہ فن خوب آتا ہے کہ لوگوں کی توجہ کیسے حاصل کی جائے اور اب انہوں نے لوگوں کی توجہ حاصل کرلی۔

عتیقہ اوڈھو نے لکھا کہ انہیں یقین ہے کہ نعمان اعجاز نے بیوی سے بے وفائی کرنے والی بات مذاق میں کہی، لیکن لوگوں نے اسے سچ سمجھ لیا اور یہی دوسروں کی توجہ حاصل کرنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے۔

عتیقہ اوڈھو نے نعمان اعجاز کی اہلیہ رابعہ کا نام لیتے ہوئے انہیں اس بات پر داد دی کی وہ شوہر کے ایسے مذاق پر کوئی رد عمل دینے کے بجائے اس پر خوب ہنسی۔

اپنی پوسٹ میں عتیقہ اوڈھو نے نعمان اعجاز کی طبیعت اور مذاق کرنے کی عادت کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ایسے لوگوں پر تعجب ہے جو کہ دوسروں کے مذاق اور کہی گئی بات کو غلط رخ دے کر اس پر رد عمل دینا شروع کردیتے ہیں۔

عتیقہ اوڈھو نے ساتھی اداکار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی لوگوں کو مشورہ دیا کہ جو لوگ اداکار پر تنقید کر رہے ہیں، انہیں نعمان اعجاز کا پورا انٹرویو سننا چاہیے۔

اداکارہ نے تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ اگر وہ پورا انٹرویو نہیں دیکھ سکتے تو وہ چھوٹی کلپ کو دیکھ کر کسی کی شخصیت کا اندازا نہ لگائیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024