• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:27pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:27pm

کیا 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار نے پاکستانی برانڈ سے معاہدہ منسوخ کردیا؟

چند روز قبل انجین التان دوزیتان دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برانڈ ایمبیسڈر بنے تھے—فوٹو: بشکریہ فیس بک
چند روز قبل انجین التان دوزیتان دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برانڈ ایمبیسڈر بنے تھے—فوٹو: بشکریہ فیس بک

ترکی کے ڈرامے دیریلیش ارطغرل جسے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر ارطغرل غازی کے نام سے اردو میں ترجمہ کرکے پیش کیا جارہا ہے کے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان نے پاکستانی برانڈ سے بطور ایمبیسڈر معاہدہ منسوخ کردیا۔

چند روز قبل ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ کیا تھا۔

اس حوالے سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری مختلف پوسٹس میں بتایا تھا کہ انجین التان دوزیتان جلد اسلام آباد میں بلیو ورلڈ میں مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ایک اور پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ انہیں پاکستان میں انجین التان دوزیتان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور جلد ان کا تاریخی استقبال ہوگا۔

بعدازاں انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو میں انجین التان دوزیتان نے پاکستانی برانڈ کا ایمبیسڈر بننے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ جلد پاکستان آؤں گا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اب ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے بلیو ورلڈ سٹی کو غیر قانونی قرار دیے جانے کی وجہ سے اپنا معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔

اس حوالے سے ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈراما سیریل 'ار طغرل غازی' کے ہیرو انجین التان دوزیتان نے بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' نے پاکستانی برانڈ کا ایمبیسڈر بننے کی تصدیق کردی

رپورٹ کے مطابق یارِ من ترکی یوٹیوب چینل کے اینکر ڈاکٹر فرقان حمید سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انجین التان دوزیتان نے بتایا کہ معاہدے کے وقت انہیں بلیو ورلڈ سٹی کے بارے میں کوئی زیادہ معلومات حاصل نہیں تھیں۔

ارطغرل ٖغازی کے کردار نے مزید بتایا کہ پاکستان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی اور اس فرم سے متعلق اچھی رائے نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے بطور ایمبیسڈر طے پانے والے معاہدے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انجین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے جلد ہی باقاعدہ طور پر معاہدہ منسوخ کرنے کی دستاویز جاری کی جائیں گی۔

بلیو ورلڈ ہاؤسنگ سوسائٹی غیرقانونی ہے، ترجمان آر ڈی اے

دوسری جانب سے بلیو ورلڈ سٹی کے حوالے سے راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی( آر ڈی اے) کے ترجمان حافظ محمد عرفان کا کہنا ہے کہ یہ ہاؤسنگ سوسائٹی غیر قانونی ہے جس کے پاس نہ تو کوئی این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) ہے اور نہ کوئی لے آؤٹ پلان موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آر ڈی اے نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف عدالت میں کیس بھی دائر کر رکھا ہے جو تاحال زیر سماعت ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ابھی تک راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بلیو ورلڈ ہاؤسنگ سوسائٹی کو این او سی جاری نہیں کیا اور اس حوالے سے متعدد مرتبہ اخبارات میں تشہیر بھی کی گئی ہے کہ یہ ہاؤسنگ سوسائٹی غیر قانونی ہے لہذا بیرون ملک مقیم پاکستانی اس میں سرمایہ کاری نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے آئندہ ماہ پاکستان کے دورے کا امکان

حافظ محمد عرفان کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس 15 جون کو انہوں نے بلیو ورلڈ سوسائٹی کی انتظامیہ کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے تھانہ چونترہ سے رجوع کیا تھا لیکن پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ تھانے میں جس کے بعد آر ڈی اے نے عدالت سے رجوع کیا اور وہ کیس ابھی تک چل رہا ہے

خیال رہے کہ آر ڈی اے نے گزشتہ برس فروری میں 5 ہاؤسنگ سوسائٹیز کے دفاتر کو سیل کیا تھا جن میں بلیو ورلڈ ہاؤسنگ سوسائٹی بھی شامل تھی۔

آر ڈی اے کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ پانچوں غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کو پنجاب پرائیوٹ ہاؤسنگ اسکیمز اینڈ لینڈ سب ڈویژن قوانین 2010 کے تحت نوٹسز بھیجے گئے تھے تاہم انہوں نے اس کا جواب دیا۔

ان جائیداداوں کے مالک پنجاب پرائیوٹ ہاؤسنگ اسکیمز اینڈ لینڈ سب ڈویژن قوانین 2010 کی خلاف ورزی میں اپنے غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے سائٹ آفس چلا رہے تھے۔

ارطغرل غازی کے مرکزی کردار سے بلیو ورلڈ ہاؤسنگ سوسائٹی کا معاہدہ منسوخ ہونےسے متعلق ترجمان آر ڈی اے نے ڈان نیوز کو بتایا کہ خبریں گردش کر رہی ہیں وہ معاہدہ صرف اس وجہ سے منسوخ ہوا ہے کہ بلیو ورلڈ ہاؤسنگ سوسائٹی کی قانونی حیثیت نہیں۔

مزید پڑھیں: کیا 'ارطغرل غازی' اسلام آباد میں مسجد کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت کریں گے؟

تاہم ترجمان نے انجین التان دوزیتان کا معاہدہ منسوخ ہونے یا نہ ہونے سے متعلق تصدیق کرنے سے انکار کیا جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکار نے بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انجین التان دوزیتان کو ترک وزارت داخلہ نے پاکستانی میڈیا کی رپورٹس سے آگاہ کیا تھا کہ بلیوورلڈ سٹی غیر قانونی ہے اور راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں آر ڈی اے کے اعلیٰ حکام نے عوام بلیو ورلڈ سوسائٹی میں سرمایہ کاری نہ کرنے کی اپیل کی ہے کیونکہ اس سوسائٹی کی سائٹ بھی غیر قانونی ہے۔

'انجین التان دوزیتان سے معاہدہ منسوخ نہیں ہوا'

دوسری جانب بلیو ورلڈ سٹی کے معاملات سے واقف اور ادارے کے مارکیٹنگ سے متعلق امور کو دیکھنے والے ایک فرد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ این او سی کے حوالے سے لگایا جانے والا الزام غلط ہے کہ تعمیراتی کمپنی نے مذکورہ پروجیکٹ کے لیے این او سی حاصل نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے تعمیراتی منصوبوں کے لیے متعدد این او سیز کے حصول کی ضرورت ہوتی ہے اور ہمارے پاس وہ تمام این او سیز موجود ہیں جبکہ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایک این او سی کا معاملہ تعطل کا شکار ہے اور وہ بھی آئندہ چند ہفتے میں حاصل کرلی جائے گی.

اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مذکورہ این او سی سے متعلق تمام دستاویزی کام مکمل ہوچکا ہے۔

عدالت میں زیر سماعت کیس کے حوالے سے انہوں نے ملک کے دیگر معروف تعمیراتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیسز تو چلتے رہتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ یہ تعمیراتی سائٹ غیر قانونی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے پاکستان آنے کی افواہیں

ترک اداکار انجین التان دوزیتان سے بطور برانڈ ایمبیسڈر کمپنی کے معاہدے کے خاتمے کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا بلکہ یہ بات کچھ لوگوں کی جانب سے پھیلائی جارہی ہے۔

دوسری جانب مذکورہ پیش رفت کے حوالے سے مؤقف جاننے کے لیے ڈان نیوز کی جانب سے لاہور میں قائم بلیو ورلڈ سٹی کے ہیڈ آفس سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان کے جواب کے منتظر ہیں۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کو پی ٹی وی پر 24 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور اب اس کا دوسرا سیزن بھی نشر کیا جارہا ہے۔

ڈرامے نے نشر ہوتے ہی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے تھے اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا جب کہ اس کی پہلی قسط کو اب تک 7 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' نے 3 بیمار پاکستانی بچوں کا خواب پورا کردیا

اس ڈرامے کی مقبولیت اور پاکستان میں مداحوں کے جذبے کو دیکھتے ہوئے 'ارطغرل غازی' کے تقریباً تمام مرکزی اداکار پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

حال ہی میں انجین التان دوزیتان کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ارطغرل غازی میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے، اس ڈرامے کی مجموعی طور 179 قسطیں ہیں اور اب تک اس کی 96 اقساط نشر کی جاچکی ہیں۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 3 دسمبر 2024
کارٹون : 2 دسمبر 2024