زندگی سے محبت کرنا اور ترقی کی منازل طے کرنا چاہتی ہوں، نادیہ جمیل
رواں برس کینسر کو شکست دینے والی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے کہا ہے کہ وہ زندگی سے محبت کرنا اور ترقی کی منازل طے کرنا چاہتی ہیں۔
نادیہ جمیل رواں برس اپریل میں بریسٹ کینسر کا شکار ہوگئی تھیں اور انہوں نے لندن کے ایک معروف ہسپتال میں علاج شروع کروایا تھا۔
نادیہ جمیل نے رواں برس اپریل کے آغاز میں تصدیق کی تھی کہ وہ بریسٹ کینسر کا شکار ہوگئی ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل بریسٹ کینسر کا شکار
کینسر کی تشخیص کے چند دن بعد ہی 7 اپریل کو اداکارہ کی پہلی سرجری کی گئی تھی جو خوش قسمتی سے کامیاب گئی تھی، جس کے بعد اداکارہ کے مزید علاج کے لیے کیموتھراپی کا آغاز کیا گیا تھا۔
کیموتھراپی کے دوران ہی نادیہ جمیل نے مئی میں اپنے سر کے بال منڈوا لیے تھے اور وہ پہلے دن سے مداحوں کو سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتی رہی ہیں۔
گزشتہ چند مہینوں میں نادیہ جمیل نے چند پوسٹس میں مایوسی کی باتیں بھی کی تھیں اور اپنی طبیعت کافی ناساز ہونے اور خود کو تکلیف سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔
جون کے وسط میں نادیہ جمیل کی طبعیت کافی بگڑ گئی تھی اور ڈاکٹرز نے انہیں بتایا تھا کہ ان کے جسم میں کوئی وائرس موجود ہے، جس کی وجہ سے ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا مگر خوش قسمتی سے ان کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔
جون کے وسط میں ہی اداکارہ کے دماغ کا اسکین بھی کیا گیا تھا اور کیموتھراپیز کی وجہ سے وہ کافی کمزور بھی پڑ گئی تھیں اور بعدازاں انہوں نے اپنی صحت بہتر ہونے سے متعلق پوسٹس کرنا شروع کی تھیں۔
اب اداکارہ نے ایک اور طویل پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے کینسر میں مبتلا ہونے اور اسے شکست دینے کے بعد مثبت باتیں کی ہیں اور زندگی کا ہر لمحہ جینے کی امید ظاہر کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نادیہ جمیل ہسپتال سے ڈسچارج، کینسر سے آزاد، ذیابطیس کا شکار
فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے لکھا کہ الحمداللہ میرے سر کے بال آہستہ آہستہ دوبارہ آرہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں سوچ رہی ہوں کہ اب اپنے بال چھوٹے رکھوں گی کیونکہ مجھے اپنا سر بہت پسند آیا ہے اور میں اس سے تھوڑے عرصے تک لطف اندوز ہونا چاہوں گی۔
نادیہ جمیل نے کہا کہ اپنے بارے میں اچھا محسوس کرنا کتنا ضروری ہے لیکن میں ابھی بھی شک کا شکار ہوں لیکن وہ شکوک و شبہات اب پہلے کافی کم ہیں اور ان کی شدت بھی کم ہے۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ میری خود اعتمادی کا انحصار اس چیز پر بہت زیادہ ہے کہ میں اپنے لیے کیا کررہی ہوں، اور کینسر کا شکار ہونے سے پہلے میں اس تصور سے نابلد تھی۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ میں یہ بھی دیکھ سکتی ہوں کہ میری زندگی میں کس کی ضرورت نہیں ہے اور پھر بھی ان کے لیے مہذب رہنا ہے اور انہیں یہ بات اس وقت تک جاننے کی ضرورت نہیں جب تک وہ تکلیف نہ پہنچائیں اور مجھے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی ضرورت نہیں۔
مزید پڑھیں: نادیہ جمیل نے کینسر کے علاج کے دوران سر کے بال منڈوا لیے
نادیہ جمیل نے مزید لکھا کہ مجھے صرف مضبوط ہونے اور اپنی حدود میں مضبوط رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بچانا میرا کام ہے، میں یہ اچھی طرح سے کرنا چاہتی ہوں۔
نادیہ جمیل نے کہا کہ میں زندگی سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہوں، میں زندگی سے محبت کرنا چاہتی ہوں اور ترقی کی منازل طے کرنا چاہتی ہوں۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ کوئی بھی چیز جو منتخب ہو کر میری طرف آتی ہے میں اس سے اچھی طرح سے لطف اندوز ہوتی ہوں۔
نادیہ جمیل نے مزید لکھا کہ زندگی ایک خوبصورت نعمت ہے، یہ پلک جھپکتے ختم ہوجاتی ہے اور ہم سب ابدی زندگی کی جانب گامزن ہوجاتے ہیں تو آئیں زندگی کے ہر منٹ سے لطف اٹھائیں۔