• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پیپلز پارٹی کا معاون خصوصی اطلاعات کے خلاف الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ

شائع September 2, 2020
ترجمان بلاول بھٹو کے مطابق عاصم سلیم باجوہ کے اثاثوں کا معاملہ حکومت اور نیب کے لیے امتحان ہے — فائل فوٹو / فیس بک
ترجمان بلاول بھٹو کے مطابق عاصم سلیم باجوہ کے اثاثوں کا معاملہ حکومت اور نیب کے لیے امتحان ہے — فائل فوٹو / فیس بک

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ کے خلاف لگنے والے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور چیئرمن سی پیک اتھارٹی کے خلاف سنجیدہ مالی الزامات پر خاموشی حیران کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاصم سلیم باجوہ کے ظاہر نہ کردہ اثاثوں اور کاروبار کا انکشاف کیا گیا ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی کے اثاثوں اور کاروبار میں تضاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف متنازع مہم چلانے پر فخر محسوس کرنے والی حکومت کو اس معاملے میں بھی کارروائی کرنی چاہیے تھی، لیکن حکومت کی طرف سے اس معاملے پر بالکل خاموشی دکھائی دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے 4 معاونین خصوصی دوہری شہریت کے حامل

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ عاصم سلیم باجوہ کے اثاثوں کا معاملہ حکومت اور نیب کے لیے امتحان ہے، ہم اپوزیشن پر ہاٹھ ڈالنے کے لیے حکومت اور احتساب ادارے کی پھرتیاں دیکھ چکے ہیں لیکن کیا وہ معاون خصوصی کے خلاف بھی اسی انداز میں کارروائی کریں گے؟ عاصم سلیم باجوہ پر عائد الزامات سنگین نوعیت کے ہیں جن کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن، کابینہ کے غیر منتخب نمائندوں کے اثاثے سامنے لانے کا مسلسل مطالبہ کرتی رہی ہے، معاونین خصوصی اور مشیروں کو بھی منتخب نمائندوں جیسی چھان بین کا سامنا کرنا چاہیے، غیر منتخب معاونین کے مالی امور کی شفاف تحقیقات ہوں تو بہت بڑے انکشافات ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا ماننا ہے کہ کسی بھی عوامی نمائندے کے خلاف الزامات عدالتوں میں ثابت ہونے چاہیے، انہیں فیئر ٹرائل کا موقع دینا چاہیے اور قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔

ترجمان بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم حکومت کے لیے ایک اور اپوزیشن کے لیے دوسرے معیار کی اجازت نہیں دیں گے۔

مزید پڑھیں: فردوس عاشق کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ معاون خصوصی اطلاعات مقرر

واضح رہے کہ چند روز قبل ملک کے معروف اخبار کے تحقیقاتی صحافی احمد نورانی نے اپنی رپورٹ میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ اور ان کے خاندان کے اثاثوں سے متعلق کئی انکشافات کیے تھے۔

اپنی رپورٹ میں انہوں نے کہا کہ عاصم سلیم باجوہ کی اہلیہ اور بچوں نے پاکستان سے باہر جائیدادیں بنا رکھی ہیں اور یہ کاروبار تب ہی بڑھا جب وہ پرویز مشرف کے اسٹاف میں آئے۔

احمد نورانی کے مطابق عاصم باجوہ کے بھائیوں، اہلیہ اور بچوں کی چار ممالک میں 99 کمپنیاں، 130 سے زائد فعال فرنچائر ریسٹورنٹس اور 13 کمرشل جائیدادیں ہیں، جن میں سے امریکا میں 2 شاپنگ مالز بھی ہیں۔

تاہم معاون خصوصی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں رپورٹ کو اپنے اور اپنے خاندان کے خلاف بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024