خیبر پختونخوا: بارشوں، سیلابی صورتحال کے باعث مزید 13 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات اور سیلابی صورتحال کے باعث خواتین اور بچوں سمیت مزید 13 افراد جاں بحق جبکہ 2 درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ضلع مانسہرہ، بٹگرام، بونیر، شانگلہ، کوہستان اور سوات سے ہے۔
ریسکیو 1122 بونیر کے ترجمان تاج محمد کے مطابق بونیر کے چغرزئی ڈویژن میں ایک خاتون اور 2 بچے جاں بحق جبکہ دیگر 3 افراد زخمی ہوئے۔
علاوہ ازیں بونیر کے علاقے ریال میں گھر کی چھت گرنے اور مکانات پر پہاڑی تودے گرنے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوئی۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں سے 2 بچے جاں بحق، متعدد گھروں کو نقصان
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے زخمیوں کو متاثرہ علاقے سے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال بونیر منتقل کیا تھا۔
اسی طرح ضلع مانسہرہ کی تحصیل اوگئی میں حسین بندہ کے علاقے میں مکان پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک بچے سمیت 4 افراد جاں بحق اور دیگر 2 زخمی ہوگئے۔
ضلع بٹگرام کے علاقے راشنگ کے ایک رہائشی محمد نواز کا گھر بھاری پتھروں کے ٹکرانے سے تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ان کی دو بیٹیاں جاں بحق ہوگئیں اور مقامی لوگوں نے کوششیں کرکے لاشوں کو ملبے سے نکالا۔
بٹگرام کے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ضلع بھر میں اب تک 7 مکانات منہدم ہوچکے ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 8 لنک اور اہم سڑکیں بلاک ہوگئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی کی اسکیمز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب کوہستان میں ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان عارف یوسفزئی نے بتایا کہ بارش کے باعث حادثات میں 10 سے 15 مکانات، ایک مسجد اور مدرسے کو نقصان پہنچا اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے تحصیل کے پورے کندیا کی سڑکیں بند ہوگئی ہیں جبکہ مختلف مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیمز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ضلع شانگلہ میں مسلسل چوتھے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا اور داموری کے علاقے میں داموری کو باندہ سے ملانے والا پل بھی سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر بشام، خرم رحمان نے بتایا کہ پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث دریاؤں کے قریب موجود مکانات خالی کرالیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر شانگلہ، عمران حسین رانجھا نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ضلع میں سیلاب کی وجہ سے سڑکوں کو کافی نقصان پہنچا ہے خاص طور پر کرورہ اجمیر سڑک کا ایک کلومیٹر حصہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے۔
اس کے علاوہ دیگر بڑے اور لِنک روڈز بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں، محکمہ تعمیرات نے سڑکوں کی صفائی کا کام شروع کردیا ہے لیکن مسلسل بارش کام میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: مختلف اضلاع میں بارشوں و سیلابی صورتحال سے تباہی، 18 افراد جاں بحق
انہوں نے بتایا کہ ریونیو کے عملے کی جانب سے گھروں کو ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے تاہم ضلع کے مختلف حصوں سے مکانات کو ہونے والے نقصانات، سڑکیں بلاک ہونے اور پانی کی فراہمی کی لائنز کو پہنچنے والے نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
علاوہ ازیں سیلاب نے گلگت بلتستان کے متعدد حصوں میں تباہی پھیلائی جبکہ دوسرے روز بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم اور اسکردو روڈ بلاک ہوگیا۔
ڈی سی شیگر عظیم اللہ نے بتایا کہ گلگت کے علاقے درگھوشا میں سیلابی ریلے میں 5 مکانات، ایک مسجد اور اسکول بھی بہہ گئے۔
لینڈ سلائیڈنگ سے 7 افراد جاں بحق
صوبہ خیبرپختونخوا کی تورغر تحصیل کے علاقے جدبا بسی خیل سرئی مٹہ میں پہاڑی تودہ گرنے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 بچوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔
حادثے میں جاں حق ہونے والوں میں 6 خواتین اور ایک مرد شامل ہے جبکہ ملبے سے لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 4 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔
لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 2 بکرے، ایک گائے مرگئی جبکہ ایک بھینس کو زندہ نکال لیا گیا۔
4 روز میں 21 افراد جاں بحق
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 31 اگست 2020 سے 2ستمبر تک ہونے والی بارشوں میں مجموعی طور پر 21افراد جاں بحق جبکہ 31 زخمی ہوئے۔
جاں بحق افراد میں 3 مرد، 5 خواتین اور 8 بچے بھی شامل ہیں جبکہ دیگر 11 مرد، 9 خواتین اور 11 بچے زخمی ہوئے۔
ساتھ ہی گزشتہ 4 روز سے جاری بارشوں کے نتیجے میں اب تک صوبے میں 13 مویشی بھی مرگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: شمالی علاقہ جات میں سیلاب کی وارننگ جاری
صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 92 گھروں کوجزوی جبکہ 11گھروں کو مکمل نقصان پہنچا تاہم وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ دریائے سوات میں چکدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 58868 کیوسک، منڈا میں 45748، خوازخیلہ میں 39021، دریائے پانچکوڑہ میں 18667 کیوسک اور دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر 98397 کیوسک ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ نوشہرہ اور چارسدہ میں دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد الرٹ رہیں اور انہیں صورت حال سے باخبر رکھاجاۓ اور موجودہ حالات کے تناظر میں پی ڈی ایم اے کی ضلعی انتظامیہ قر یبی رابطے میں ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے میں موجود سیاحوں سےگزارش کی کہ بارشوں کے دوران احتیاط کی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں بارشوں کے باعث گھروں کو نقصان پہنچا اور اہم شاہراہیں بلاک ہوگئیں جبکہ ضلع شانگلہ میں حادثات میں 2 بچے جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 28 اگست کو خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 20 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے۔