• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کراچی کے مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، سابق وزیراعظم

شائع August 31, 2020
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی—فائل فوٹو: ڈان نیوز
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی—فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے بلکہ سب کو مل کر انہیں حل کرنا چاہیے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے بے پناہ مسائل ہیں جس میں ایک دوسرے پر الزام کے بجائے انہیں حل کرنے پر زور دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسائل صرف وفاقی، صوبائی یا بلدیاتی حکومت کے نہیں ہیں اور انہیں سب کو مل کر حل کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیں: 72 گھنٹے بعد بھی کراچی کے متعدد علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جب بارشیں زیادہ ہوں گی تو پانی تو اکٹھا ہوگا، اس کی نکاسی کا بندوبست ہوتا ہے تاہم کراچی کے مسائل آج پیدا نہیں ہوئے، یہاں جو نشیبی علاقے تھے ان پر تعمیرات کردی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سب سے زیادہ متاثر علاقے ڈیفنس کے ہیں تاہم ان مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ایسا بحران ہو تو سارے وسائل کو استعمال کرنے پڑتے ہیں، لہٰذا وفاق اور صوبہ اور کنٹونمنٹ کے ادارے سب مل کر کراچی کے مسئلے کو حل کریں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جمعرات کی بارش کے دوران میں نے دیکھا کہ اس وقت پولیس اپنی ڈیوٹی پر موجود تھی جبکہ شہری بھی سڑکوں پر لوگوں کی مدد کے لیے موجود تھے اور کراچی میں ایک بڑا جذبہ بھی موجود ہے۔

یاد رہے کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی اس وقت مختلف مسائل کا سامنا کر رہا ہے اور حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں نالوں اور علاقوں کی صفائی نہ ہونے کے بعد صورتحال انتہائی خراب ہوگئی ہے۔

27 اگست کو کراچی میں ہونے والی ریکارڈ بارش نے شہر کی پہلے سے خراب حالت کو مزید ابتر کردیا اور سڑکوں، علاقوں اور گھروں میں پانی جمع ہونے سے لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔

یہی نہیں بلکہ حالیہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے، ڈوبنے، دیوار گرنے سمیت مختلف حادثات میں کراچی میں 40 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

بارش کے بعد شہر کی تقریباً ہر اہم شاہراہ تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، انڈر پاسز میں پانی بھر گیا جبکہ متوسط اور پوش علاقوں میں بھی پانی بھرنے کی صورتحال ایک سی ہی نظر آئی۔

یہ بھی پڑھیں: شہر، دیہات، قصبوں میں بارش کے پانی کی آخری بوند تک وزرا سڑکوں پر رہیں، بلاول

کراچی کے سب سے مہنگے ترین علاقے ڈیفنس کے اب بھی کچھ علاقوں میں بارش کا پانی موجود ہے جبکہ وہاں 4 روز بعد بھی بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے۔

ادھر کراچی میں حالیہ بارش کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ 'پوری قوم اس درد کو محسوس کررہی ہے جس میں کراچی کے عوام مبتلا ہیں، تاہم اس تباہ کن صورتحال اور تمام تر مشکلات کے ہنگام میں مثبت پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ میری حکومت، سندھ حکومت کے ساتھ مل کر فوری طور پر کراچی کے 3 بڑے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے'،

جن مسائل پر وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کام کرے گی اس کی وضاحت کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا تھا کہ 'ان میں شہر بھر کے نالوں کی مکمل صفائی، آبی گزرگاہوں کی راہ میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات سے نمٹنا، کوڑا کرکٹ اور نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل تلاش کرنا اور کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی جیسے بنیادی اور اہم ترین مسئلے کا حل شامل ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024