• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا کے باوجود ٹام کروز سینما پہنچ گئے، مداحوں کو بھی آنے کی اپیل

شائع August 26, 2020
ٹام کروز نے فلم ٹینیٹ کی تعریف بھی کی—اسکرین شاٹ
ٹام کروز نے فلم ٹینیٹ کی تعریف بھی کی—اسکرین شاٹ

اپنے آنے والی ایکشن فلم 'مشن امپوسبل 7' کی شوٹنگ میں مصروف ہولی وڈ اداکار ٹام کروز کورونا کی وبا کے باوجود حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'ٹینیٹ' دیکھنے سینما ہاؤس پہنچ گئے۔

امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق ٹام کروز برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے ایک سینما ہاؤس میں ریلیز کی گئی فلم 'ٹینیٹ' دیکھنے پہنچے اور انہوں نے مداحوں سے بھی سینما ہالز آنے کی اپیل کی۔

ٹام کروز نے اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فلم دیکھنے کی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی اور مداحوں کو بتایا کہ کس طرح انہوں نے وبا کے باوجود احتیاطی تدابیر کے ساتھ فلم دیکھی۔

ویڈیو میں اداکار کو اپنی گاڑی میں فیس ماسک پہن کر لندن کے معروف سینما ہال جاتے ہوئے اور انہیں لوگوں سے بھرے پڑے سینما میں 'ٹینیٹ' دیکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹام کروز جس سینما ہال میں فلم دیکھ رہے ہیں، اس میں دیگر کئی افراد بھی موجود ہیں تاہم تمام افراد نے فیس ماسک پہنا ہوا ہے۔

اداکار نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے باوجود سخت احتیاطی تدابیر یعنی فیس ماسک پہننے سمیت سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے سینما ہالز میں ریلیز ہونے والی فلموں کو دیکھنے پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: وبا کے باوجود متعدد ممالک کے سینما کھل گئے، فلم ’ٹینیٹ‘ ریلیز

'ٹینیٹ' کو حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے اور فلم نے جنوبی کوریا سمیت برطانیہ میں بھی اچھی کمائی کی۔

'ٹینیٹ' کو 3 ستمبر تک امریکا سمیت دنیا کے 70 ممالک میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور اسے آئندہ ہفتے تک پاکستان میں بھی ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم پاکستان میں تاحال سینما ہاؤسز نہیں کھلے۔

'ٹینیٹ' کی پروڈکشن کمپنی وارنر برادرز نے فلم کو پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں بھی ریلیز کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

پاکستان میں بھی گزشتہ ماہ جولائی سے لاک ڈاؤن میں کافی نرمی کردی گئی ہے اور سینما مالکان کو سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہالز کھولنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم تاحال سینما مالکان نے ہالز کو نہیں کھولا۔

مزید پڑھیں: ٹام کروز کی فلم مشن امپوسبل 7' کے ایک سین پر 44 کروڑ روپے ضائع

'ٹینیٹ' کی ہدایات کرسٹوفر نولان نے دی ہیں اور اسے کافی سراہا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ٹام کروز اس وقت اپنی آنے والی ایکشن فلم 'مشن امپوسبل 7' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور کورونا کی وجہ سے انہیں فلم کی شوٹنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔

حال ہی میں خبر سامنے آئی تھی کہ مشن امپوسبل 7 کی شوٹنگ کے ایک سین کو شوٹ کرنے کے دوران برطانیہ میں حادثہ پیش آنے سے ٹام کروز کو 44 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق سین کی تیاری کے لیے فلم کی ٹیم نے 26 لاکھ امریکی ڈالر کا خرچ کیا تھا مگر شوٹنگ کے دوران موٹر سائیکلوں میں آگ لگنے سے سین کو شوٹ نہیں کیا جا سکا۔

خوش قسمتی سے مشن امپوسبل کی شوٹنگ کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا—فوٹو: اسپلاش نیوز
خوش قسمتی سے مشن امپوسبل کی شوٹنگ کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا—فوٹو: اسپلاش نیوز

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024