کراچی میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال
شہر قائد میں مون سون کے چھٹے اسپیل کے دوسرے روز تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے شہر کا نظام زندگی معطل کردیا اور مختلف حادثات کے نتیجے میں 3 نوجوان جاں بحق ہو گئے۔
کراچی میں شادمان، لانڈھی، کورنگی، ملیر، ڈیفنس، عائشہ منزل، ناظم آباد، گلشن اقبال، لیاری سمیت متعدد علاقوں کی سڑکیں دریا کا منظر پیش کررہی ہیں جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کردی.
شہر کے کئی علاقوں میں نالے اور گٹر ابل پڑے اور نالوں کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے علاقہ مکینوں کا قیمتی سامان خراب ہوگیا جبکہ گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں۔