• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں 14 سیکنڈز کی تاخیر، کانیے ویسٹ انتخابی دوڑ سے باہر

شائع August 21, 2020
امریکا میں رواں برس تین نومبر کو 46 ویں صدر کے لیے انتخابات ہوں گے—فوٹو: اے  پی
امریکا میں رواں برس تین نومبر کو 46 ویں صدر کے لیے انتخابات ہوں گے—فوٹو: اے پی

معروف امریکی ریپر، گلوکار، پروڈیوسر اور آنے والے امریکی صدارتی انتخابات کے لیے آزاد امیدوار 43 سالہ کانیے ویسٹ کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں 14 سیکنڈز کی تاخیر کی وجہ سے ایک ریاست میں انتخابی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

کانیے ویسٹ نے گزشتہ ماہ 5 جولائی کو اچانک صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

ماضی میں وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایتی رہے تھے تاہم اس بار انہوں نے ان کی حمایت ختم کرکے خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔

کانیے ویسٹ نے گزشتہ ماہ 16 جولائی کو سب سے پہلے ریاست اوکلاہاما سے نامزدگی فارم حاصل کیے تھے۔

مزید پڑھیں: کانیے ویسٹ نے مزید امریکی ریاستوں میں نامزدگی فارم جمع کروادیے

جس کے چند دن بعد انہوں نے ریاست جنوبی کیرولینا کے چارلسٹن شہر سے 20 جولائی کو انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا۔

ریاست یوٹاہ سے قبل کانیے ویسٹ نے اوکلاہاما، آرکنساس اور کولاراڈو سے بھی نامزدگی فارم حاصل کیے اور خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ مزید چند ریاستوں سے نامزدگی فارم حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

تاہم رواں ماہ کے اوائل میں ریاستی الیکشن کمیشن میں ووٹرز کے ایک گروپ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں الزام لگایا تھا کہ کانیے ویسٹ کی انتخابی مہم کے ورکرز 4 اگست کو آزاد صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے آخری روز وسکونسن کے 2 ہزار ووٹرز کے مطلوبہ 2 ہزار دستخط جمع کرانے کے لیے شام 5 بجے کی ڈیڈلائن پر پورا نہیں اترے تھے۔

اے پی کی رپورٹ کے مطابق کمیشن میں سماعت کے دوران کانیے ویسٹ کی مہم کے اٹارنی مائیکل کران نے کہا تھا کہ انتخابی مہم کے ورکرز شام 5 بجکر 14 سیکنڈز کے بعد کمیشن کی عمارت میں داخل نہیں ہوئے تھے جبکہ عملے نے ان کے کاغذات قبول کیے تھے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے عملے کے رکن کوڈی ڈیویز نے پینل کو بتایا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے عمارت میں تالے لگے ہوئے تھے لیکن 5 بجے تک کاغذات جمع کروانے والے افراد کے لیے وہ لابی میں انتظار کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کانیے ویسٹ کے نمائندوں نے انہیں 4 بج کر 57 منٹ پر کال کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ 5 منٹ کی دوری پر ہیں اور 5 بجکر 14 سیکنڈز کے بعد امریکی گلوکار کے نمائندے پہنچے تھے جنہوں نے کمیشن کے دفاتر تک جانے کے لیے انہیں لفٹ تک چھوڑا تھا۔

کوڈی ڈیویز نے بتایا تھا کہ کانیے ویسٹ کے نمائندوں کا گروہ 5 بجکر 50 سیکنڈز تک لفٹ میں موجود تھا۔

کمیشن کے ایک اور رکن ریلے ول مین نے کہا کہ وہ کاغذات نامزدگی قبول کرنے کے لیے موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ کانیے ویسٹ کے نمائندوں نے 5 بجکر ایک منٹ گزرنے کے بعد دستاویزات کاؤنٹر پر رکھی تھیں لیکن انہیں منظم کرنا تھا اور 5 بجے کے کئی منٹ بعد بھی انہوں نے کاغذات نہیں اٹھائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کانیے ویسٹ نے امریکی صدارتی انتخابات کیلئے نامزدگی فارم جمع کرادیے

جس کے بعد کمیشن نے کانیے ویسٹ اور ان کے ساتھی مشیل ٹڈ بال کو 1-5 ووٹ سے انتخابی دوڑ سے باہر کردیا، اسپنڈیل واحد کمشنر تھے جنہوں نے امریکی گلوکار کو انتخاب لڑنے کی اجازت دی تھی۔   کمشنر رابرٹ اسپنڈیل، جو ایک ری پبلکن ہیں، نے پینل کو انہیں شک کا فائدہ دینے کا کہا تھا کہ عالمی وبا نے زندگی مشکل بنادی ہے اور اگر عمارت کے دروازے کھلے ہوتے تو وہ شاید وقت پر پہنچ جاتے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ڈیموکریٹ غیرمنصفانہ طور پر سیاہ فام امیدوار کو انتخابی دوڑ سے دور رکھنا چاہتے ہیں اور کمیشن کو سیاہ فام ووٹرز کو موقع دینا چاہیے۔

رابرٹ اسپنڈیل نے کہا کہ ہم سیکنڈز کے معاملے پر بات کررہے ہیں لیکن کمیشن کے دیگر اراکین نے کہا کہ کامن سینس کے مطابق شام 5 بجے کا مطلب شام 5 بجے ہے 5 بج کر 14 سیکنڈ نہیں۔

تاہم کانیے ویسٹ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا میں رواں برس 3 نومبر کو 46 ویں صدر کے لیے انتخابات ہوں گے۔

اگرچہ نئے صدر کے لیے کانٹے کا مقابلہ ریپبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کے جوبائیڈن کے درمیان ہوگا۔

تاہم مذکورہ دونوں امیدواروں اور کانیے ویسٹ کے علاوہ بھی دیگر چھوٹی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں سمیت آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں اتریں گے۔

تمام صدارتی امیدواروں نے انتخابی مہم کا آغاز کر رکھا ہے اور متعدد شہروں میں جلسوں اور کانفرنسز میں خطاب کرتے ہوئے اپنی پالیسی کو عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024