• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

دلیپ کمار کے 2 بھائی کورونا کا شکار، ہسپتال میں داخل

شائع August 17, 2020
—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز
—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز

بولی وڈ کے معروف اور لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے 2 بھائی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جنہیں گزشتہ رات ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔

دلیپ کمار کے دونوں بھائی سانس لینے میں مشکلات کے باعث نان انویسو وینٹی لیٹر سپورٹ پر ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ احسان خان اور اسلم خان کو سانس لینے کی شکایت پیدا ہوئی تھی اور ڈاکٹر نیتن گوکھلے نے انہیں ہسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ ان کے جسم میں آکسیجن کی سطح انتہائی کم تھی۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار ہسپتال سے ڈسچارج

علاوہ ازیں دلیپ کمار کے دونوں بھائی فشار خون اور امراض قلب کا شکار بھی ہیں۔

خیال رہے کہ ماضی میں احسان خان اور اسلم خان کے دلیپ کمار سے جائیداد کے حوالے سے تنازعات تھے اور وہ باندرہ میں رہائش پذیر تھے۔

دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں کو ڈاکٹر جلیل پارکر کی نگرانی میں داخل کیا گیا ہے جہاں گزشتہ ہفتے اداکار سنجے دت بھی داخل تھے تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

اس حوالے سے جب جلیل پارکر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اسلم خان اور احسان خان نان انویسیو وینٹی لیٹر پر ہیں کیونکہ ان میں آکسیجن کی سطح 94 فیصد سے بھی کم تھی اور دونوں کو بخار اور کھانسی بھی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دلیپ کمار مارچ کے مہینے میں آئسولیشن میں چلے گئے تھے اور اس حوالے سے انہوں نے ٹوئٹر کے ذریعے آگاہ کیا تھا۔

بعدازاں انہوں نے ایک اور ٹوئٹ بھی کیا تھا جس میں انہوں نے لوگوں سے گھروں میں رہنے اور ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی تھی۔

خیال رہے کہ بولی وڈ کے متعدد اداکار کورونا کا شکار ہوئے تھے جو کئی دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد صحت مند ہوئے۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی بولی وڈ شخصیات میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے اور کرن کمار سمیت دیگر شامل ہیں جو کم از کم 10 دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد صحت یاب ہوئے۔

واضح رہے کہ بھارت کورونا کیسز کے حوالے سے امریکا اور برازیل کے بعد تیسرا بڑا متاثر ملک ہے اور وہاں 17 اگست کی صبح تک متاثرہ افراد کی تعداد 26 لاکھ 47 ہزار سے زائد ہوچکی تھی جب کہ وہاں اموات کی تعداد بھی 50 ہزار سےتجاوز کرچکی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024